عظمیٰ نیوزسروس
جموں// جموں وکشمیر اسمبلی میں منگل کے روز ڈیلی ویجروں پر پولیس کی جانب سے لاٹھیاں برسانے کے خلاف بی جے پی کے ممبران اپنی نشستوں سے کھڑے ہوئے اور احتجاج کیا۔معلوم ہوا ہے کہ شور شرابے کے بیچ نیشنل کانفرنس اور بی جے پی ارکان کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس دوران بی جے پی ممبران اسمبلی نے بطور احتجاج ایوان سے واک آوٹ کیا۔اطلاعات کے مطابق منگل کے روز جوں ہی اسمبلی کی کارروائی شروع ہوئی تو بی جے پی کے ممبران اپنی نشستوں سے کھڑے ہوئے اور ڈیلی ویجروں پر لاٹھیاں برسنے کا معاملہ اٹھایا۔بی جے پی ممبران نے سپیکر سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ ڈیلی ویجروں کی جانب سے کل پر امن احتجاج کیا گیا تاہم پولیس نے ان پر ڈنڈے برسائے جس کے نتیجے میں کئی ایک کو چوٹ آئی ہے ۔بی جے پی ممبران اسمبلی نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ ڈیلی ویجروں کے جو مسائل ہے انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے ۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی جانب سے گر چہ اس معاملے پر صفائی بھی پیش کی گئی تاہم بی جے پی کے ممبران جواب سے مطمئن نہیں ہوئے اور زبردست شور شرابہ کیا۔اس دوران نیشنل کانفرنس، کانگریس کے ممبران بھی اپنی نشستوں سے کھڑے ہوئے اور ‘چور مچائے شور ’کے نعرے بلند کئے ۔نامہ نگار نے بتایا کہ بی جے پی اور نیشنل کانفرنس ارکان اسمبلی کے درمیان گرم گفتاری اور تلخ کلامی کے مناظر دیکھنے کو ملے ۔ شور شرابہ کے بیچ بھارتیہ جنتاپارٹی کے ممبران نے بطور احتجاج ایوان سے واک آوٹ کیا۔
سرکارعارضی ملازموں کو مستقل کرے گی:سریندر چودھری
عظمیٰ نیوزسروس
جموں// نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری کا کہنا ہے کہ نیشنل کانفرنس سرکار عارضی ملازموں کی نوکریوں کو مستقل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ دس برسوں کے دوران ان کے ساتھ صرف وعدے کئے گئے ۔نائب وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار منگل کو اسمبلی میں ڈیلی ویجروں کے معاملے پر ہوئی بحث پر تقریر کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘ڈیلی ویجروں کے ساتھ ہمدردی کرنے کی ضرورت ہے ان میں سے کئی سبکدوش ہوئے ہیں اور کئی ملازموں کی موت واقع ہوئی ہے اور آج ان کے بچے سڑکوں پر آرہے ہیں’۔ان کا کہنا تھا: ‘جہاں تک ان ملازموں کا تعلق ہے تو نیشنل کانفرنس نے ان ملازموں کو لگایا ہے اور نیشنل کانفرنس ہی ان کی نوکریوں کو پکا کرے گی’۔مسٹر چودھری نے کہا: ‘گذشتہ دس برسوں کے دوران چار بجٹ پیش کئے گئے لیکن ان کے ساتھ صرف وعدے کئے گئے ‘۔انہوں نے کہا: ‘جموں وکشمیر میں جو کام گذشتہ دس برسوں کے دوران نہیں ہوئے ہم ان کو پانچ برسوں میں کرکے دکھائیں گے ‘۔ان کا کہنا تھا: ‘ہم جموں وکشمیر کے لوگوں کے سامنے جوابدہ ہیں جنہوں نے ہمیں چنا ہے ‘۔
نیشنل کانفرنس ڈیلی ویجروں کے ساتھ نا انصافی کی ذمہ دار :سنیل شرما
عظمیٰ نیوزسروس
جموں// بی جے پی کے اپوزیشن لیڈر سنیل شرما نے عارضی ملازموں کے مسئلے پرنیشنل کانفرنس کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان ملازموں کے ساتھ جو انصافی ہو رہی ہے اس کی ذمہ دار نیشنل کانفرنس ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ ‘نیشنل کانفرنس نے ان کے ساتھ ہمیشہ مذاق کیا ہے اور آج ہم نے ان ملازموں کے لئے ہائوس سے واک آئوٹ کیا’۔موصوف اپوزیشن لیڈر نے ان باتوں کا اظہار منگل کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا، ‘ڈیلی ویجروں نے نیشنل کانفرنس کو وعدے یاد دلانے کے لئے گذشتہ روز جموں اور سری نگر میں احتجاج کیا’۔ان کا کہنا ہے ، ‘ڈیلی ویجروں کے ساتھ جو ناانصافی، جھوٹ اور دھوکہ دہی ہو رہی ہے اس کی ذمہ دار نیشنل کانفرنس ہے ، اس پارٹی نے ان ملازموں کے ساتھ ہمیشہ مذاق کیا ان کو نوکری پر لگا کر ان کی 2 سو، 5 سو، 6 سو روپیہ ماہانہ تنخواہ مقرر کی’۔مسٹر شرما نے کہا، ‘لیکن لیفٹیننٹ گورنر نے ان کی ماہانہ تنخواہ 9 ہزار کرکے ان کو تھوڑی بہت راحت پہنچائی’۔انہوں نے کہا، ‘نیشنل کانفرنس کے منشور میں ان کو مستقل کرنے کا وعدہ ہے اور کہا ہے کہ ان کو ایک سال میں مستقل کیا جائے گا لیکن جس طرح بجٹ پیش کیا گیا تو ان کے ساتھ ایک بار پھر مذق کیا گیا ہے ‘۔ان کا کہنا تھا، ‘ہم اس مسئلے پر بحث کرنا چاہتے تھے اور سپیکر صاحب نے وقفہ سوالات کے بعد اس کی یقین دہانی بھی کی لیکن پھر ایسا نہیں کیا گیا’۔انہوں نے کہا، ‘اب ہم نے ان ملازموں کے لئے ہائوس سے بائیکاٹ کیا’۔