سرینگر//محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ کے میڈیا کمپلیکس میں کل سٹل فوٹو گرافی اور سکرین پلے لکھنے کے قلیل مدتی کورس اختتام پذیر ہونے پر ایک تقریب منعقد ہوئی۔ ان کورسوں کا انعقاد ایف ٹی آئی آئی پونے اورڈی آئی پی آر نے کیا تھا۔وزیر اعلیٰ کے مشیر پروفیسر امیتابھ مٹو مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے جبکہ ڈائریکٹر ایف ٹی آئی آئی پونے بھوپندر کنتھولہ نے مہمان ذی وقار کی حیثیت سے تقریب میں شرکت کی۔ایم ڈی جی کے پی ڈی سی ڈاکٹر شاہ فیصل، ڈپٹی ڈائریکٹر نیوز ریڈیو کشمیر سرینگر مشتاق احمد تانترے، کورس ڈائریکٹر سکرین پلے رائٹنگ وداھی سنچتی، کورس ڈائریکٹر فوٹو گرافی بھرت کنارے، فکیلٹی ممبر ایف ٹی آئی آئی فہیم اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات پی آر شیخ ظہور، ایڈمنسٹریٹو افسر ڈی آئی پی آر منور خواجہ اور طُلاب بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔اس موقعہ پر تربیت پانے والے طُلاب میں اسناد تقسیم کی گئیں۔اس موقعہ پر طُلاب کی جانب سے تیار کی گئی شارٹ فلمیں بھی دکھائی گئیں۔تقریب سے خطاب کرتے پروفیسر مٹو نے ریاست کے تینوں خطوں میں اس طرح کے کورسز منعقد کرانے کے لئے ڈی آئی پی آر اور ایف ٹی آئی آئی کی کوششوں کی ستائش کی۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ ان کورسوں کی بدولت ریاست میں فلم سازی کے ماحول کو تقویت حاصل ہوگی۔ ڈائریکٹر ایف ٹی آئی آئی نے کہا کہ ایف ٹی آئی آئی ڈی آئی پی آر کے اشتراک سے ریاست میں اس طرح کے مزید کورسوں کا انعقاد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے نوجوانوں میں فلم سازی کے حوالے سے کافی جوش و جذبہ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ ریاست کے ساتھ دیرپا وابستگی سے خطے میں ایک آزادانہ فلم انڈسٹری وجود میں لانے میں مدد ملے گی۔ ناظم اطلاعات مُنیر الاسلام نے طُلاب کو صلاح دی کہ وہ ان مواقعوں کا بھرپور فائدہ اُٹھا ئیں تا کہ وہ اس شعبۂ میں آگے بڑھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے کورس ریاست میں منعقد کرانے کے لئے کوششیں جاری ہیں اور اس حوالے سے ڈی آئی پی آر ہمیشہ پیش پیش رہے گا۔تقریب پر محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ کے فنکاروں نے موسیقی کا پروگرام پیش کیا۔