عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وزیر برائے خوراک، شہری رسدات و امور صارفین، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی اور اَمورِ نوجوان و کھیل کود ستیش شرما نے ایف ٹی آئی آئی ٹریڈرس کنکلیو۔ 2025 میں خطاب کرنے کے دوران مقامی تاجروں کو ڈیجیٹل طور پر بااِختیار بنانے اور نوجوانوں کو کاروباری سرگرمیوں میں شامل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ شرما نے کہا،’’تجارت، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور نوجوانوں کی اِختراعی صلاحیتوں کا امتزاج ایک خود انحصار اور خوشحال جموں و کشمیر کی بنیاد بن سکتا ہے۔ اِس کے علاوہ ہم نوجوانوں کوملازمت کے متلاشیوں کے بجائے ملازمت و روزگار دینے والا بننے کی ترغیب دے رہے ہیں۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک، شہری رسدات و امور صارفین جدید آئی ٹی ٹولز کے ذریعے عوامی تقسیم نظام اور صارفین کی شکایات ازالے نظام کو جدید خطوط پر استوار کر رہا ہے۔وزیرنے نوجوانوں پر مبنی اِقتصادی کلچر پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کے لئے کاروباری سیلز، سپورٹس اور یوتھ ویلفیئر پروگراموں کے تحت ہنر مندی کی تربیت اور ڈیجیٹل سکلنگ پلیٹ فارموں کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔اُنہوں نے کہا ،’’ہمیں اپنے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر سرحدی اضلاع اور تجارتی مراکز کو اِختراعی مراکز میں تبدیل کرنا ہوگا۔اِس موقعہ پر پالیسی سازوں، صنعت کاروں اور نوجوان کاروباریوں کے ساتھ اِستفساری سیشنز بھی منعقد ہوئے جن کے بعد نیٹ ورکنگ اور کاروباری روابط کے مواقع فراہم کئے گئے۔