جموں//ملک کے عوام میںڈیجیٹل ادائیگی کا زیادہ سے زیادہ رجحان بڑھانے کے لئے مرکزی کابینہ سیکرٹری پردیپ کمار سنہا نے مختلف مرکزی وزارتوں کے سیکرٹریوں کے اور ریاستوں کے چیف سیکرٹریوں کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنس کی۔ملک کے عوام میں ڈیجیٹل ادائیگی کے طریقے کو عام کرنے اور اس کو فروغ دینے کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر تفصیلی غور و خو ض کیا گیا۔پردیپ سنہا نے کہا کہ ملک میں بڑے کرنسی نوٹوں کو منسوخ کرنے کے بعد یہ ریاستوں اور ریاستی حکومتوں کے محکموں کے لئے ایک سنہری موقعہ ہے کہ ڈیجیٹل ادائیگی کے طریقۂ کار کوفروغ دیا جائے ۔کانفرنس کے دوران بتایا گیا کہ اس وقت صرف 20فیصد بھارتی اقتصادیات کے استعمال میں (Cash less) طریقہ کار اپنا یا جاتا ہے اور اگلے چند برسوں کے دوران اس کو 50فیصد کرنے کا ہدف مقررکیا گیا ہے۔مرکزی کابینہ سیکرٹری نے کہا کہ کارڈوں اور ڈیجیٹل ذرائع سے رقومات کے استعمال میں سرچارج کی وصولی ، سروس چارج ،کارڈ پر ضروری فیس وغیرہ جیسے ضروری اجزا شامل کئے جانے چاہئے ۔مرکزی کابینہ سیکرٹری نے ریاستی حکومتوں کو اس سلسلے میں ضروری اقدامات کرنے اور لوگوں کو جانکاری فراہم کرنے کی ہدایات دیں۔انہوں نے ریاستی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ اس مہم کی کامیابی کے لئے قریبی تال میل کے ساتھ کام کریں۔انہوں نے شہریوں کے بینک کھاتوںکے ساتھ آدھار اور موبائیل فون جوڑنے پر بھی زور دیا۔ پردیپ سنہا نے کہا کہ ریاستی حکومتوں کو راشن گھاٹوں ، رسوئی گیس سیل مراکز،پیٹرول پمپوں اور دیگر عوامی خدمات کے مراکز پر ڈیجیٹل ادائیگی کا طریقہ کار شروع کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں چھوٹے اور بڑے تاجروں کو اس عمل کی ترغیب دی جانی چاہئے۔مرکزی سیکرٹریوں اور مختلف ریاستوںکے چیف سیکرٹریوں نے مرکزی کابینہ سیکرٹری کو100فیصد فائنانشل انکلیو جن اور ڈیجیٹل ادائیگی کا عمل شروع کرنے کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔