جموں//مرکزی کابینہ سیکرٹری پردیپ کمار سنہا نے مرکزی سیکرٹریوں اور چیف سیکرٹریوں کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے منعقدہ میٹنگ کے دوران ڈیجیٹل ادائیگیوں اور آدھار سیڈنگ کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔جموں وکشمیر کے چیف سیکرٹری بی آر شرما، کمشنر سیکرٹری آئی ٹی سنجیو ورمااور ریاستی حکومت کے کئی دیگر افسروں نے بھی اس ویڈیو کانفرنسنگ میں شرکت کی۔ملک بھر میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو فروغ دینے کے لئے ریاستی حکومتوں سے کہا گیاکہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام انفرادی بینک کھاتوں کو آدھار اور موبائیل نمبروں کے ساتھ جوڑا جائے۔ اس مقصد کے ضلع مجسٹریٹوں اور بینکوں کے رول کو اُجاگر کرتے ہوئے ہدایات دی گئیں کہ وہ اس پیش رفت کا متواتر طور جائزہ لیں تاکہ یہ اہم کام 31 مارچ 2017ءمکمل ہوسکے۔اس موقعہ پر بتایاگیا کہ سیڈنگ کے اہداف کو حاصل کرنے کےلئے ترجیحی بنیادوں پر ڈیجیٹل کیمپوں اور میلوں کا انعقاد کیا جانا چاہئے ۔اس موقعہ پر جانکاری دی گئی کہ آدھار اور موبائیل نمبروں کو بینک کھاتوں کے ساتھ جوڑے بنا مستحقین تک مختلف سکیموں کے فوائد پہنچانے میں دقتوں کا سامنا ہوگا۔دریں اثناءچیف سیکرٹری بی آر شرما نے مرکزی کابینہ سیکرٹر ی کو آدھار اندراج اور ریاست میں انٹرنیٹ ، موبائیل اور بینکنگ نظام کو جوڑنے کے حوالے سے ہورہی پیش رفت کے بارے میںجانکاری دی۔ ریاست میں آدھار اندراج کے کام کو تیز تر بنیادوںپر مکمل کرنے کیلئے چیف سیکرٹری نے کابینہ سیکرٹری سے درخواست کی کہ وہ کنکٹیوٹی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں اپنا بھر پور تعاون دیں اور ریاست میں آدھار کارڈ تیار کرنے کا عمل دوبارہ شروع کرنے کا معاملہ الیکٹرانکس کارپوریشن آف انڈیا لمیٹیڈ ( ای سی آئی ایل) کے ساتھ اٹھایا جانا چاہئے تاکہ باقی ماندہ لوگوں کو آدھار کارڈ جاری کئے جاسکیں۔