نئی دہلی /یو این آئی/ہندوستانی کرکٹر راہل ترپاٹھی نے کہا ہے کہ 2017میں انڈین پریمیر لیگ میں ڈیبیو کرنے پر کپتان مہندر سنگھ دھونی کی صلاح ان کے لیے مددگار ثابت ہوئی تھی۔حال ہی میں گگن نارنگ اسپورٹس فاؤنڈیشن کی پہل “ہاؤس آف گلیوری” پوڈکاسٹ میں راہل پاٹھی نے بتایا کہ انہوں نے لیگ کے دسویں سیشن کے دوران آئی پی ایل میں اپنا پہلا میچ کھیلا تھا۔ اس وقت وہ مہندر سنگھ دھونی کے ساتھ رائزنگ پونے سپر جائنٹس ٹیم کا حصہ تھے ۔ فرنچائز کے لیے اپنے پہلے میچ سے پہلے ، سابق ہندوستانی کپتان دھونی نے ترپاٹھی کی گھبراہٹ کو پرسکون کرنے میں مدد کی تھی۔انہوں نے کہا، “اپنا پہلا میچ کھیلنے سے دو دن پہلے میں ڈریسنگ روم میں انہیں دیکھ رہا تھا۔ انہوں نے مجھے بلایا اور کہا کہ میں کچھ بھی اضافی کرنے یا سوچنے کی کوشش نہ کروں اور جو کچھ بھی میں پریکٹس کے دوران کر رہا تھا، ویسا ہی کھیلنے کو کہا۔ اس نصیحت نے میرا اعتماد بڑھایا۔