زاہد بشیر
گول//حالیہ شدید بارشوں کی وجہ سے پورے سب ڈویژ ن میں درجن بھر رہائشی مکانات کے ساتھ ساتھ زرعی اراضی ، سڑکوں ، باغات کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔ کشمیر عظمیٰ نے آج پنچایت ڈھیڈہ کا دورہ کیا جہاں پر مختلف مقامات پر پسیاں گر آنے کی وجہ سے بستیاں خطرے سے خالی نہیں ہیں ۔ پنچایت ڈھیڈہ کے جنوری علاقے میں لگا تار ایک پسی گر آنے کی وجہ سے ایک علاقہ ہی سب ڈویژن گول سے کٹ کررہ گیا ہے ۔ کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے علاقہ کے لوگوں نے کہا کہ یہ پنچایت دو حصوں میں تقسیم ہو کر رہ گئی ہے اور آدھی پنچایت مکمل طو ر پر کٹ چکی ہے ۔ لگا تار پسی گر آنے کی وجہ سے نیچے بستی بھی خطرے سے خالی نہیں ہے ۔ کئی رہائشی مکانات کو احتیاطی طورپر خالی کر لیا گیا ہے ۔ وہیں گوجام ڈھیڈہ میں ایک بھاری پسی نکل رہی ہے جس میں چار رہائشی مکانات و ایک مڈل سکول آتا ہے ۔ مقامی ڈی ڈی سی ممبر چوہدرسخی محمد نے کہا کہ علاقہ میں شدید بارشوں کی وجہ سے جہاں رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے وہیں زرعی اراضی ، سڑکوں کو نقصان بھی بھاری نقصان پہنچا ہے اور اگربارشیں جاری رہیں تو یہاں پر زیادہ نقصانات ہو سکتا ہے ۔پنچایت ڈھیڈہ گول سے قریباً بارہ کلو میٹر دور واقع ہے جہاں کی عوام زیادہ تر گوجر اور کشمیری رہتے ہیں اور زمینداری پر ہی یہاں پر لوگوں کی زندگی بسر کرنے کا انحصار ہے ۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ اور سرکار سے مطالبہ کیا کہ فی الحال رابطہ سڑکوں کو بہتر طریقہ سے بحال کیا جائے تا کہ لوگوں کا سب ڈویژن گول کے ساتھ رابطہ برابر رہے اور اگر کوئی بیمار ہو جائے تو اسے آنے جانے میں آسانی ہو اور ساتھ ساتھ علاقہ جات میں غذائی اجناس کی قلت بھی پیدا نہ ہو ۔