محکمہ کے غیر سنجیدہ رویے پر عوام کا اظہار برہمی،عملی اقدامات اٹھانے کی مانگ
جاوید اقبال
مینڈھر // مینڈھر سب ڈویژن کے گاؤں ڈھرنہ لوہرمیں آج کے جدید دور میں بھی بجلی کا نظام انتہائی خستہ حالی کا شکار ہے۔ علاقے میں بجلی کی تاریں درختوں کے اوپر لکڑی کے ڈنڈے لگا کر باندھی گئی ہیں، جو نہ صرف غیر قانونی عمل ہے بلکہ عوام کے لئے جان لیوا خطرہ بھی بن چکا ہے۔مقامی لوگوں نے محکمہ بجلی کے افسران پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ افسران دفاتر میں بیٹھ کر عوام کا بل تو بناتے ہیں، لیکن زمینی سطح پر بجلی کے نظام کی زبوں حالی کو دیکھنے کی زحمت گوارا نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ لکڑی کے سہارے درختوں پر بجلی کی ننگی تاریں لگانا ملازمین کی غیر ذمے داری اور لاپرواہی کو ظاہر کرتا ہے۔ ایسے حالات میں ذرا سی بارش یا ہوا بھی کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے، جس سے قیمتی جانوں کا نقصان ہو سکتا ہے۔عوام کا کہنا ہے کہ ہر ماہ سینکڑوں روپے بجلی کا بل ادا کرنے کے باوجود انہیں بنیادی سہولیات میسر نہیں ہیں۔ محکمہ بجلی صرف بل وصول کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے، باقی عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں رکھتا۔لوگوں نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ بجلی کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں بجلی کے نظام کو فوری طور پر درست کیا جائے اور درختوں پر لگی خطرناک تاروں کو ہٹاکر مناسب کھمبے نصب کئے جائیں تاکہ عوام محفوظ اور باقاعدہ بجلی کی سہولت سے مستفید ہو سکیں۔