جاوید اقبال
مینڈھر// مینڈھر کی سرحدی پنچایتوں ڈھرانہ، ملکپور اور گوہلد کو جوڑنے والی سڑک کی طویل انتظار شدہ تعمیر و مرمت کا کام بالآخر شروع ہو گیا ہے، جس پر مقامی عوام نے زبردست خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ سڑک پر تارکول بچھانے کا عمل تیزی سے جاری ہے، اور لوگ اسے علاقے کی ترقی کے لئے ایک اہم قدم قرار دے رہے ہیں۔اس موقعہ پر عوام نے وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات و قبائلی امور، چوہدری جاوید احمد رانا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ ان کی خصوصی توجہ اور کوششوں کا نتیجہ ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک کی حالت انتہائی خستہ تھی اور آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا تھا، لیکن وزیر موصوف کی دلچسپی سے اب عوام کو ریلیف مل رہا ہے۔علاقہ مکینوںنے کہا کہ جاوید رانا نہ صرف ایک بااثر سیاستدان ہیں بلکہ عوامی درد میں شریک ایک حقیقی خادمِ قوم ہیں، جو دشوار گزار علاقوں کا خود دورہ کر کے عوامی مسائل کو فوری طور پر حل کرواتے ہیں۔لوگوں کا کہنا ہے کہ جب سے جاوید رانا نے کابینہ وزیر کا عہدہ سنبھالا ہے، سب ڈویژن مینڈھر ہی نہیں بلکہ پورے خطہ پیر پنجال میں ترقیاتی سرگرمیوں کا ایک نیا دور شروع ہو گیا ہے۔ تعمیراتی کام جو طویل عرصے سے رکے ہوئے تھے، اب تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں، خصوصاً بجلی، پانی اور سڑکوں کے نظام میں نمایاں بہتری دیکھی جا رہی ہے۔اس موقعہ پر منعقدہ ایک شکریہ تقریب میں مقامی رہنماؤں، علمائے کرام اور عام شہریوں نے وزیر موصوف کے اقدامات کو سراہا۔ سابق سرپنچ حاجی میر محمد نے کہا کہ’ آج ہمارا گاؤں ترقی کی خوشبو سے مہک اٹھا ہے، اور امید ظاہر کی کہ مزید ترقیاتی کام مستقبل میں بھی جاری رہیں گے تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے‘۔مقامی عوام کے مطابق یہ سڑک علاقے کی سماجی و معاشی زندگی میں مثبت تبدیلی لائے گی اور سرحدی حالات کے دوران زخمیوں اور مریضوں کو بروقت ہسپتال پہنچانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ آخر میں عوام نے ایک بار پھر وزیر جاوید احمد رانا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں علاقے کی تعمیر و ترقی کا علمبردار قرار دیا۔