سرینگر//نیشنل کانفرنس نے فوجی عدالت کی طرف سے میجر کو کلین چٹ دینے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی ترجمان جنید متو نے کہا کہ انسانی ڈھال بنانا اقوام متحدہ کی طر ف سے مرتب کردہ انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہونے کے ساتھ ساتھ بھارتی آئین و جمہوری اصولوں اور اور سپریم کورٹ کے احکامات کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوجی عدالت کی طرف سے اس واقعہ میں ملوث میجر کو نہ صرف بری الذمہ قرار دیا گیا ہے بلکہ اس اقدام کیلئے مذکورہ میجر کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی ہے، جو انتہائی افسوسناک اور تشویشناک ہے۔ جنید متو نے کہا کہ یہ فیصلہ پی ڈی پی حکومت کی نرم روی اور معذرت خواہانہ پالیسی کی عکاسی کرتا ہے، اگر حکومت نے اس معاملے کو سنجیدہ لیا ہوتا ہے اور ملوث میجر کو سزا دینے کیلئے دبائو ڈالا ہوتا تو آج ہمیں ایسا فیصلہ سننے کو نہیں ملتا۔