محمد تسکین
بانہال// رام بن کے نزدیک دسمبر کے مہینے میں اپنی تھار گاڑی سمیت لاپتہ ہونے کے بعد مردہ پائے گئے سرینگر کے عمر یاسین شاہ کے لواحقین نے ہفتے کے روز رام بن میں پرامن احتجاج کرتے ہوئے انصاف اور ان کی موت کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔ عمر یاسین شاہ 30دسمبر 2024کو رام بن کے علاقے ڈگڈول کے قریب اپنی تھار گاڑی کے ساتھ لاپتہ ہونے کے آٹھ روز بعد مردہ پائے گئے تھے۔سرینگر سے بانہال پہنچے عمر یاسین شاہ کے رشتہ داروں نے اس حادثے کو قتل قرار دیتے ہوئے اس کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا سڑک حادثہ ہے جس کی آٹھ دن تک کوئی خبر نہیں ملی اور آٹھ دن بعد ہی لاش برآمد کی گئی ۔ انہوں نے پولیس اور ڈپٹی کمشنر رام بن سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے میں خطاوار کو بے نقاب کریں کیونکہ یہ سڑک حادثہ کم اور قتل کا معاملہ زیادہ دکھتا ہے ۔ عمر یاسین شاہ کے رشتہ داروں نے رام بن پولیس اور انتظامیہ کے حکام سے بھی ملاقات کی ۔اس سلسلے میں ایس ایس پی رام بن نے بتایا کہ رام بن پولیس اس مشکوک سڑک حادثے کی تحقیقات پہلے ہی کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مہلوک عمر یاسین شاہ کے رشتہ داروں کے خدشات کو بھی نوٹ کیا گیا ہے اور پولیس اس معاملے کی ہر زاویہ سے تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔