کٹھوعہ //خواتین کی بااختیاری کو موجودہ سرکار کی اولین ترجیحات بتاتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا ہے کہ ریاست کو پُر امن اور ترقی یافتہ بنانے کیلئے خواتین اہم شراکت دار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے سے پورا ملک بااختیار بنتا ہے۔ گورنمنٹ ڈگری کالج میں ’’ لڑکیوں کو بااختیار بنانے ‘‘ سے متعلق سکیم کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس سے قبل ڈاکٹر سنگھ نے کالج کی 109 طالبات میں سکیم کے تحت سکوٹیوں کی چابیاں تقسیم کیں ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لڑکیوں کو بااختیار بنانے اور اُن کی آزادانہ نقل و حمل کیلئے یہ سکیم شروع کی گئی ہے جس سے ان میں اعتماد پیدا ہو گا ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے ریاست کی خواتین کے تحفظ ، بہبود اور بااختیاری کیلئے سرکار کے عزایم کو دوہرایا۔ انہوں نے لاڈلی بیٹی اور میریج اسسٹنس سکیم کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان سکیموں سے خواتین کی سماجی و اقتصادی حالت میں بہتری آئے گی اور لڑکیوں کے جنسی تناسب میں بہتری آئے گی ۔ سرکار کی طرف سے کئے گئے دیگر اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی آئی ٹی اور اے آئی آئی ایم کے علاوہ مرکز کی طرف سے 80 ہزار کروڑ روپے کی معاونت دی گئی ہے اور ہر حلقے میں بجلی شعبے پر 1 کروڑ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں تا کہ بلا خلل بجلی فراہم کی جا سکے ۔ ممبر اسمبلی ہیرا نگر نے سکیم کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ کالج طالبات کو سبسڈی پر سکوٹیاں فراہم کرنے سے اُن کے اعتماد میں اضافہ ہو گا اور اُن کی آزادانہ نقل و حمل یقینی بنے گی ۔ انہوں نے دیگر سکیموں کا بھی تذکرہ کیا ۔