کٹھوعہ /جی ڈی سی کٹھوعہ کی طرف سے ایک روزہ ہُنر مندی بڑھانے اور روز گار پیدا کرنے سے متعلق ایک قومی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا اس موقعہ پر جنگلات اور ماحولیات کے وزیر چودھری لال سنگھ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے ۔ اس ایک روزہ قومی کانفرنس سے متعلق ابسٹریکٹ بُک جاری کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ بہتر ہُنر مندی میں ہی روز گار کے زیادہ سے زیادہ وسائل موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہُنر مندی بڑھانے اور روز گار کے وسائل جُٹانے کیلئے مرکزی اور ریاستی سرکاروں کی طرف سے کئی پالیسیاں عملائی جا رہی ہیں اور رسمی و غیر رسمی سیکٹروں میں نوجوانوں کو مختلف سکیموں کے تحت ہُنروں کی تربیت دی جا رہی ہے ۔ وزیر نے حکومت کے اُن اقدامات کا تفصیل سے ذکر کیا جو بے روز گار نوجوانوں کو تربیت دینے اور انہیں باعزت روز گار دلانے کیلئے اٹھائے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ سامنے آ کر سرکاری سکیموں سے استفادہ کریں ۔ وزیر نے ڈیپارٹمنٹ آف کمسٹری کی تعریف کی کہ انہوں نے اہم موضوع پر ایک قومی کانفرنس کا انعقاد کیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کالج کے پرنسپل پروفیسر کرتار چند نے کہا کہ قومی کانفرنس کی بدولت طلاب کے ساتھ ساتھ فیکلٹی کو بھی مختلف امور کے بارے میں جانکاری حاصل ہو گی ۔ انہوں نے یو جی سی کی طرف سے متعارف کئے گئے سکل ڈیولپمنٹ کورسوں پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی ۔