بانڈی پورہ //بانڈی پورہ ڈگری کالج میں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے طلاب کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ کالج میں پانی کی عدم دستیابی ،سڑک کی خستہ حالی اور دیوار بندی نہ ہونے کے سبب ڈگری کالج ایک مکان دکھائی دیتا ہے۔ ڈگری کالج کو قصبہ سے 5کلومیٹر دور پتوشی کے بلند پہاڑی پرتعمیر کیاگیا ہے اورطلاب کو انتہائی کٹھن راستہ طے کرنا پڑرہا ہے اور بعض طلاب کوکالج پہنچتے پہنچتے غشی آجاتی ہے جبکہ کالج میں پانی بھی میسر نہیں ہے اور بیت الخلا میں بھی پانی نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات میں اضافہ ہوجاتا ہے ۔ دیوار بندی نہ ہونے کی وجہ سے مویشی آسانی سے کالج کے احاطہ میں آتے ہیں اور جانوروں کی آوازوں سے طلاب کی تعلیم پر منفی اثرات مرتب ہوتےہ یں۔ کالج سٹاف کو بھی بنیادی سہولیات میسر نہ ہونے کی وجہ سے پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔طلاب کاکہنا ہے کہ بانڈی پورہ سے جب وہ آٹو کے ذریعہ کالج کی طرف رخ کرتے ہیں تو پتوشی میں ہی انہیں ڈراپ کرتے ہیں اس کے بعد روز ایک کلو میٹر پیدل دشوار گزار راستے کے زریعے بے حال ہوکر کالج پہنچتے ہیں ۔ طلاب کاکہنا ہے کہ جب بارش ہوتی ہے تو کیچڑ میں چلنا ناممکن بن جاتا ہے ۔ طلاب کے والدین نے ضلع انتظامیہ اور سرکار کی عدم توجہی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرکار اور ضلع انتظامیہ نہیں جاگی تو مستقبل میں والدین اور ٹریڈرس فیڈریشن مل کر منظم احتجاج کا راستہ اختیار کریں گے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ خورشید احمد ثنائی نے کہا کہ ایگزیکٹیو انجینئر پی ایچ ای ،ایکزیگٹیو انجینئر آر اینڈ بی کوہدایات دیکر فوری طور پر پانی سپلائی بحال کرنے ،سڑک کی مرمت کرنے کا حکم دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈگری کالج کی دیوار بندی کے لیے بھی منصوبہ دردست لیا گیا ہے اور ضلع انتظامیہ ڈگری کالج کی طرف توجہ مرکوز کررہی ہے اور سہولیات بہم رکھنے کے لیے اقدامات کررہی ہے ۔ بانڈی پورہ کے سرکردہ تاجر ٹریڑریس فیڈریشن کے سرپرست اعلی ولی محمد ملہ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اعلی سرکاری عہدادارن سے لیکر منسٹر تک ڈگری کالج کی خستہ حالی کو لیکر دستک دی ہے لیکن ہمیں اب تک مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملا ۔