عشرت حسین بٹ
منڈی//محکمہ اعلیٰ تعلیم حکومت ِ جموں وکشمیر نے سرحدی ضلع پونچھ کے منڈی علاقہ میں ڈگری کالج عمارت کی تعمیر کے لئے انتظامی منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے کی تخمینہ لاگت 14.54 کروڑ روپے ہے، جو علاقے میں تعلیمی ڈھانچہ کو بہتر بنانے کے لئے ہے۔حکام کے مطابق منظوری بلڈنگ اسکریننگ کمیٹی کی 18 مارچ 2024 کی کلیئرنس اور چیف انجینئر (سیکریٹری ٹیکنیکل) (ورکس) کی 27 نومبر 2024 کی تکنیکی جانچ کے بعد دی گئی۔یہ کالج تین منزلہ (G+2) عمارت ہو گی۔ یہ پروجیکٹ 18 دسمبر 2024 کو جاری ہونے والے حکومتی آرڈر نمبر 5P-JK(HE) 2024 کے تحت منظور کیا گیا ہے۔ تعمیراتی کام تمام متعلقہ آئی ایس کوڈز اور حفاظتی معیارات کی پابندی کرتے ہوئے کیا جائے گا، جس میں سیلاب سے بچائو اور زلزلے کے خلاف مزاحمت کے لئے ضروری تدابیر شامل ہوں گی، اور یہ سی پی ڈبلیو ڈی، این بی سی، اور آئی ایس معیارات کے مطابق ہوگا۔یہ منصوبہ 2024-25 کے کیپیکس بجٹ میں شامل ہے اور مقررہ وقت میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔ کالج کے پرنسپل کو منصوبے کی پیشرفت کا ماہانہ رپورٹ محکمہ کو فراہم کرنا ہوگا۔ ٹھیکیدار کے انتخاب کے لئے ای-ٹینڈرنگ استعمال کی جائے گی، جو شفافیت اور جنرل فنانشل رولز کی پیروی کو یقینی بنائے گی۔کالج موجودہ پرنسپل پروفیسر مصرف حسین شاہ نے جب سے ڈگری کالج منڈی کا چارج عہدہ سنبھالا ہے ، تب سے انہوں نے کالج عمارت کی جلد تعمیر کے لئے ہرممکن کوشش کی ہے۔ انہوں نے ڈائریکٹر کالجز اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر یاسمین عشائی، ڈائریکٹر پلاننگ اعلیٰ تعلیم سکلین کور اورنوڈل پرنسپل جموں ڈویڑن کالجز ڈاکٹر ایس پی سارسوت کو کالج کا دورہ کرایا۔خیال رہے کہ پروفیسر مصروف حسین شاہ ،اس وقت حاضر ڈگری کالج پرنسپلوں میں سرفہرست ایڈمنسٹریٹر ہیں۔وہ ڈگری کالج پونچھ، ڈگری کالج سرنکوٹ اور ڈگری کالج درہال میں بطور پرنسپل بہترین کام کیا جس کی ستائش حکومتی سطح پر بھی کی گئی۔ پونچھ کالج میں انہوں نے مطلوبہ ڈھانچہ کی تعمیر وترقی کے لئے دستیاب تمام وسائل کو بروئے کار لاکر اسٹیٹ آف آرٹ سہولیات یقینی بنائی جس سے کالج کو NAACکی طرف سے Aگریڈ ملا۔بطور پرنسپل انہوں نے ڈگری کالج سرنکوٹ کوتدریسی وسہ نصابی سرگرمیوں کی وجہ سے صوبہ بھر میں متعارف کروا یا۔ ڈگری کالج درہال جس کی عمارت ابھی تعمیر ہورہی ہے، کی کاغذی کارروائی میں بھی موصوف کی ذاتی کائوشوں سے تیزی آئی۔