عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی میں شعبہ اردو کے زیرِ اہتمام ایک روزہ محفلِ افسانہ کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس میں نامور ادبی شخصیات، اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی کالج کے پرنسپل پروفیسر فاروق احمد تھے، جبکہ معروف افسانہ نگار الحاج محمد اقبال نازش نے صدارت کے فرائض انجام دیے۔ شعبہ اردو کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر عبدالحق نعیمی نے تمام معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ محفل میں ممتاز افسانہ نگار ڈاکٹر عاشق رضا، مرزا محمد اسلم جرال اور الحاج محمد اقبال نازش نے اپنے افسانے پیش کئے، جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔ اس موقع پر کالج کے پرنسپل نے طلباء میں ادبی ذوق و شوق کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ صدرِ محفل الحاج محمد اقبال نازش نے افسانے کی اہمیت اور ادب میں اس کے کردار پر سیر حاصل گفتگو کی۔ ادبی نشست میں ڈاکٹر نزاکت حسین، ڈاکٹر نسیم احمد، ڈاکٹر نذر الاسلام، ڈاکٹر گوہر اقبال، پروفیسر الطاف حسین، پروفیسر اطہر عزیز رینہ، پروفیسر رومینہ فاطمہ، پروفیسر رومی ڈار، پروفیسر سپریا گپتا، محترم انوج بھائی، احسان بٹ، رئیس احمد، ڈاکٹر شوکت بٹ سمیت دیگر فیکلٹی ممبران اور غیر تدریسی عملے نے بھی شرکت کی۔تقریب کی نظامت کے فرائض پروفیسر مدثر انوری نے انجام دیے، جبکہ آخر میں پروفیسر ڈاکٹر عبدالحق نعیمی نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ یہ بامقصد اور پرمغز محفل حاضرین کے لئے ایک یادگار تجربہ ثابت ہوئی، جس نے طلباء میں تخلیقی اور ادبی ذوق کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔