ممبر اسمبلی بانہال سجاد شاہین کا افتتاح ،سینکڑوں نوجوانوں کی شرکت
محمد تسکین
بانہال// جمعرات کے روز محکمہ ایمپلائمنٹ اینڈ کونسلنگ ضلع رام بن کی جانب سے مشن یوا کے تحت ڈگری کالج بانہال میں ایک روزگار و کاروباری میلہ منعقد کیا گیا۔ میلے کا افتتاح ممبر اسمبلی بانہال سجاد شاہین نے کیا جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ اینڈ کونسلنگ رام بن امیت کمار بھی موجود تھے۔ اس روزگار میلے میں بانہال ، رامسو ، رام بن اور گول کے سب ڈویژنوں سے سینکڑوں کی تعداد میں پڑھے لکھے بیروزگار نوجوانوں نے شرکت کی اور مختلف اسامیوں اور لون سکیم کے تحت فارم بھرے۔ ضلع رام بن کے تمام طلباء، نوجوانوں اور روزگار کے متلاشی افراد کو اس پروگرام میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی تاکہ وہ روزگار، خود روزگاری اور کیرئیر کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔اس روزگار میلے میں آٹھ پرائیویٹ کمپنیوں کے حکام بھی موجود تھے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ اینڈ کونسلنگ امیت کمار نے بتایا کہ اس روزگار میلے میں نوجوانوں نے پرائیویٹ کمپنیوں میں روزگار کیلئے فارم بھرے جبکہ مختلف سرکاری سکیموں سے لون حاصل کرکے خود روزگار کمانے کیلئے بھی نوجوانوں نے فارم بھرے تاکہ وہ خود روزگار کما سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ کمپنوں کی طرف سے جانچ پڑتال کے بعد دو سو سے زائد مستحق افراد کو پرائیویٹ کمپنیوں میں روزگار فراہم کیا جائیگا ۔اس میلے کا افتتاح کرنے کے بعد اپنے خطاب میں ممبر اسمبلی بانہال سجاد شاہین نے کہا کہ نوجوانوں کو خود روزگاری اور کاروبار کے میدان میں بااختیار بنانا جموں و کشمیر کی ترقی اور خود کفالت کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشن یووا نوجوانوں کو نوکری تلاش کرنے والوں سے روزگار پیدا کرنے والوں میں تبدیل کرنے کیلئے عمر عبداللہ سرکار کی ایک جامع کوشش ہے۔سجاد شاہین نے میلے میں مختلف نوجوان کاروباریوں کے سٹالوں کا معائنہ کیا اور شریک پرائیویٹ کمپنیوں کے نمائندوں سے تبادلۂ خیال کیا۔ انہوں نے مقامی نوجوانوں کی جدت طرازی، عزم اور محنت کو سراہا، خاص طور پر ان نوجوانوں کو جنہوں نے چھوٹے کاروبار شروع کر کے مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا کیے ہیں۔تقریب کے دوران چار نوجوان کاروباریوں کو مشن یووا سکیم کے تحت قرضے فراہم کیے گئے تاکہ وہ اپنی روزی روٹی کے منصوبوں کے لیے گاڑیاں خرید سکیں۔ ایم ایل اے نے اس موقع پر نوجوانوں اور مختلف تربیتی اداروں کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی اور ہنر مندی، ٹیکنالوجی اور کاروباری رہنمائی کے فروغ پر زور دیا تاکہ نوجوانوں کو بہتر روزگار کے قابل بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ “مشن یووا” محض ایک سرکاری پروگرام نہیں بلکہ عوامی تحریک ہے جس کا مقصد جموں و کشمیر کو ایک مضبوط، خود انحصار اور خوشحال خطہ بنانا ہے۔ سجاد شاہین نے آٹھ معروف کمپنیوں کی شرکت اور موقع پر بھرتی مہم کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے میلوں سے نوجوان صلاحیتوں اور روزگار فراہم کرنے والے اداروں کے درمیان براہ راست ربط قائم ہوتا ہے۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سرکاری سکیموں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، نئے اور اختراعی منصوبوں کی طرف قدم بڑھائیں، اور علاقے کی سماجی و معاشی ترقی میں فعال کردار ادا کریں ۔ سجاد شاہین نے یقین دہانی کرائی کہ وہ بانہال اور آس پاس کے علاقوں میں نوجوانوں کے بااختیار بنانے، ہنر مندی بڑھانے اور پائیدار روزگار کے فروغ کے تمام اقدامات کی حمایت جاری رکھیں گے۔