سرنکوٹ//ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد ہارون ملک نے سب ضلع ہسپتال سرنکوٹ کادورہ کرکے چار ملازمین کو معطل کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔اس دوران انہوںنے مریضوںاور تیمارداروںسے بات چیت کی ۔اس دوران انہوںنے موقعہ پر ہی ہدایت دی کہ ہسپتال کے اندر اور باہر صفائی ستھرائی کی جائے اوراس سلسلے میں سی ایم او پونچھ ،بی ایم اوسرنکوٹ اور ای او میونسپلٹی کمیٹی سرنکوٹ فوری طور پر کام کریں ۔اس کے علاوہ انہوںنے محکمہ تعمیرات عامہ کے ایگزیکٹو انجینئر کو ہدایت دی کہ ہسپتال میں سفیدی اور مرمت کاکام کیاجائے ۔انہوںنے بی ایم او سرنکوٹ کو ہدایت دی کہ وہ ہسپتال میں نظم و نسق بہتر طریقہ سے چلانے کیلئے پہلے سے ہی روسٹر بناکر رکھیں اور اس کی ایک کاپی ایس ڈی ایم دفتر بھیجی جائے ۔انہوںنے کہاکہ سی ایم او پونچھ کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ سرنکوٹ ہسپتال میں ڈاکٹروں کا انتظام کریں تاکہ نظم و نسق بہتر طریقہ سے چلایاجاسکے ۔انہوںنے بلاک میڈیکل افسر پر زور دیاکہ وہ ہسپتال میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کریں ۔انہوںنے نائب تحصیلدار ہیڈ کوارٹر کو ہدایت دی کہ وہ دن میں کسی بھی وقت ہسپتال کا دورہ کرکے یہاں معائنہ کریں اور ہسپتال کے اندر سگریٹ نوشی کرنے والوں پر جرمانہ عائد کیاجائے ۔اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر نے ایس ڈی ایم سر نکوٹ کو ہدایت دی کہ وہ مریضوں اور تیمارداروں کی شکایت پر چار ملازمین کو معطل کرکے سی ایم او دفتر پونچھ اٹیچ کردیں اور ساتھ ہی لوگوں کی طرف سے لگائے گئے الزامات جن میں ڈیوٹی سے غیرحاضر رہنا، کام کے تئیں غیر سنجیدگی ،ہسپتال کی سپلائی کی کالابازاری اور سادہ لوح مریضوں سے پیسے وصول کرنا بھی شامل ہیں ، کی تحقیقات کریں ۔انہوںنے ایس ڈی ایم سے کہاکہ وہ سال 2016-17کے دوران میونسپل کمیٹی کے تحت ہوئے کاموں کا معائنہ کریں اور قانون کے تحت کارروائی کی جائے ۔