مینڈھر//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد نے بدھوار کو مینڈھر کا دوسرے دن لگاتار دورہ کرکے کئی ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے ڈاک بنگلہ مینڈھر کا دورہ کرکے وہاں پر کئی سال سے چل رہے ڈائننگ ہال کے کام کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ تعمیرات عامہ کے ملازمین کو کہا کہ پندرہ جون سے قبل اس کا م کو مکمل کیاجائے ۔ان کاکہناتھاکہ افسوس کی بات ہے کہ کئی سال سے چل رہا کام التوا میں پڑا ہے۔انہوںنے کہاکہ اس کام کو مکمل کرکے انہیں فوری رپورٹ دی جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈاک بنگلہ مینڈھر کا کام جلد مکمل نہ ہونے کی وجہ سے یہاں پر کئی قسم کی پریشانیوں کاسامنا کرناپڑتاہے ۔موصوف نے مینڈھر کے بھیرہ علاقہ میں چل رہے اکلاویہ ماڈل سکول کے کام کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ محکمہ کو ہدایت دی کہ کام معیاری ہونا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ اس کام کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیاجائے ۔انہوں نے پیر بابا چھوٹے شاہ زیارت کا دورہ کرکے وہاں انتظامات کا جائزہ لیا۔موصوف نے محکمہ دیہی ترقی کے آفیسران سے کہا کہ چھوٹے شاہ میں ایک کمیونٹی ہال تعمیر کیاجائے ۔انہوں نے مینڈھر انتظامیہ پر زور دیا کہ ہاتھ میں لئے گئے تمام پروجیکٹوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیاجائے تاکہ نئے کام شروع کرنے کیلئے راہ ہموار ہوسکے ۔ان کے ہمراہ ایس ڈی ایم مینڈھر ڈاکٹر تنویر احمد خان ،ضلع پنچایت آفیسر سید مظاہر کاظمی و دیگر افسران بھی تھے۔