پونچھ//بیساکھی کے تہوار کے سلسلے میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے انتظامات کاجائزہ لیا۔واضح رہے کہ اس تہوار پر ڈھیرا ننگالی صاحب پر ایک بہت بڑا میلہ لگایا جاتا ہے جس میں ملک ہی نہیں بلکہ بیرون ملک سے بھی سکھ مذہب کے پیروکار شرکت کرتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر محمد ہارون ملک نے اپنے دفتر کے کانفرنس ہال میں ایک جائزہ میٹنگ منعقد کی جس میں پونچھ کی مختلف سکھ تنظیموں کے اعلیٰ عہدیداران کے علاوہ تمام سرکاری محکمہ جات کے ضلع افسران نے شرکت کی۔اس موقعہ پر جہاںڈھیرہ ننگالی صاحب کے آستان پر پانی ،بجلی ،صفائی ،طبی انتظامات اور یاتریوں کے ٹھہرنے کیلئے سہولیات کا جائزہ لیاگیاوہیں سکھ تنظیموںنے ننگالی صاحب کی جانب جانے والی لنک روڈ کی مرمت کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ 2016ستمبر میں آئے سیلاب کے دوران درنگلی نالہ پل کو بھی نقصان پہنچا تھا جس پر فوج کی جانب سے عارضی پل لگا کر بحال کیا گیا تھاتاہم محکمہ تعمیرات عامہ ابھی تک تماشادیکھ رہاہے ۔انہوںنے کہاکہ اس وجہ سے ننگالی صاحب جانے والے عقید تمندوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔میٹنگ کے دوران حفاظتی انتظامات پربھی تبادلہ خیال کیا گیا اور کئی اہم فیصلے لئے گئے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے تمام افسران کو تہوار سے قبل تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔اس موقعہ پر ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے (آئی پی ایس) و دیگرافسران بھی موجو دتھے ۔