عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//ڈپٹی کمشنرسرینگرڈاکٹر بلا محی الدین نے ون سٹاپ سینٹر فاروومن اور ڈسٹرکٹ ہب فار ایمپاورمنٹ آف وومن ،بمنہ کادورہ کرکے وہاں دستیاب سہولیات اورخدمات کاجائزہ لیا۔ان کے ہمراہ چیف پلاننگ افسر،اسسٹنٹ کمشنرریونیو،ایس ڈی ایم ویسٹ اوردیگر حکام بھی تھے۔ون سٹاپ سینٹر کاجائزہ لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کوسینٹر کے کام کاج کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی گئی ۔انہیں بتایاگیا کہ یہ سینٹر ان خواتین جو تشدد کاشکار ہو،یاجنسی ،نفسیاتی یاجذباتی ہراسانی کاشکار ہوں ،کی مدد کیلئے قائم کیا گیا ہے ۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مرکز کے کام کاج کے بارے میں جانکاری حاصل کی اور یہاں دستیاب سہولیات سے متعلق معلومات بھی حاصل کیں۔انہیں بتایا گیا کہ مرکز میں ایک ہی چھت تلے کئی سہولیات بشمول پولیس،طبی،قانونی وکونسلنگ دستیاب ہیں۔اس موقعہ پر انہوں نے مرکز کے انچارج اور سٹاف ومتاثرین سے بھی تبادلہ خیال کیا ۔انہوں نے مرکز کے سٹاف کو اپناکام تندہی سے انجام دینے کی تلقین کی۔ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہب فارایمپاورمنٹ آف وومن کا بھی دورہ کیا۔اس دوران انہیں اس ادارے کے کام کاج کے بارے میں معلومات دی گئیں۔ضلع مشن کارڈنیٹر نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ ادارے سے2289خواتین نے استفادہ حاصل کیا ہے اور ابھی تک 164بیداری پروگرام منعقد کئے گئے ہیں۔ڈھانچے کو اپ گریڈ کرنے سے متعلق ڈپٹی کمشنر نے متعلقین کو مرکز کوخوبصورت بنانے کی تاکید کی۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے نیشنل گرل چائلڈ ویک2024کوبھی شروع کیا۔مابعد ڈپٹی کمشنر ابھینندن ہوم سولنہ اور پھلواری مرکزصنعت نگر بھی گئے اور دونوں مراکز کے کام کاج کا جائزہ لیا۔ابھینندن ہوم میں ڈپٹی کمشنر نے وہاں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیااور جسمانی طور خاص بچوں کیلئے درکار خدمات سے بھی آگہی حاصل کی۔ ڈپٹی کمشنر نے وہاں سٹاف کے ساتھ تبادلہ خیال بھی کیا ۔ڈپٹی کمشنر نے وہاں طلاب کے ساتھ بھی ایک گھنٹے تک وقت گزارااور ان کی حوصلہ افزائی کی۔اس موقعہ پر ادارے میں درج بچوں نے اپنے مسائل سے ڈپٹی کمشنر کوآگاہ کیا۔