سرینگر //سرینگر کے آئی ٹی آئی سے ڈپلومہ حاصل کرنے والے اُمیدواروں نے سنیچر کو آئی ٹی آئی خانیار کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اُمیدواروں کاکہنا ہے کہ ڈپلومہ امتحانات پاس کرنے کے 5ماہ بعد بھی انہیں اسناد فراہم نہیں کی جارہی ہیں جسکی وجہ سے وہ کہیں بھی نوکری کیلئے درخواست نہیں دے پارہے ہیں۔ احتجاجی اُمیدواروں میں شامل امتیاز گلزار نے بتایا کہ 2015میں داخلے کے بعد فروری 2017میں اس نے امتحانات میں حصہ لیا تاہم نتائج جولائی 2017میں ظاہر کئے گئے ۔ امتیاز گلزار نے بتایا کہ امتحانات کے نتائج ظاہر کرنے بعد 5ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے اور انہیں ابھی بھی سند نہیں دی گئی ہے جسکی وجہ سے وہ نوکری کیلئے درخواست نہیں دے پارہا ہے ۔ امتیاز نے بتایا کہ آئی ٹی آئی سرینگرکے پرنسپل کے پاس گئے مگر وہ یقین دہانیوں کے علاوہ کچھ بھی نہیں کررہے ہیں۔ پرنسپل آئی ٹی آئی سرینگر نے محمد اشرف وانی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سرٹیفیکیٹ جاری کرنا ٹیکنیکل بورڈ کے دائرے میں ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنیکل بورڈ میں میشین خراب ہونے کی وجہ سے مشکلات پیدا ہوگئی ہیںتاہم میں نے ٹیکینل بورڈ کے اعلیٰ افسران سے بات کی ہے جنہوں نے مجھے یقین دہانی کرائی ہے کہ امیدواروں کی اسناد 10دنوں میں جاری کی جائینگی۔