جموں//ڈویژنل کمشنر جموں ڈاکٹرمندیپ کمار نے امرناتھ یاتریوں پرہوئے حملے کے بعدپیداہوئی صورتحال کے پیش نظر مختلف مذہبی وسماجی تنظیموں کے عہدیداران اور سول سوسائٹی کے ممبران کے ساتھ میٹنگ کااہتمام کیا۔اس دوران ڈویژنل کمشنرنے اپیل کی کہ ریاست میں آپسی بھائی چارے اورامن کوبہرصورت برقراررکھاجائے۔ میٹنگ میں آئی جی پی جموں، ایس ڈی سنگھ، ڈی آئی جی جموں سانبہ کٹھوعہ رینج اشوک وانی، ڈی سی جموں کمارراجیورنجن ، ایس ایس پی جموں سنیل گپتا، اے ڈی سی ارون منہاس وانتظامیہ کے سینئرافسران کے علاوہ مختلف تاجرتنظیموں کے عہدیداران ، بارایسوسی ایشن کے ممبران شامل تھے۔اس موقعہ پر ڈویژنل کمشنر نے سیکورٹی ایجنسیوں سے جموں کی مجموعی سیکورٹی صورتحال کاجائزہ لیتے ہوئے سیکورٹی میں کسی قسم کی ڈھیل کوناقابل برداشت قراردیتے ہوئے یاتریوں کے تحفظ کویقینی بنانے پرزوردیا۔انہوں نے کہاکہ امرناتھ یاتریوں پرحملہ ایک بزدلانہ حرکت ہے اورہم مہلوک یاتریوں کے اہل خانہ کے دُکھ میں برابرکے شریک ہیں۔میٹنگ کے دوران تمام شرکاء نے یقین دہانی کرائی کہ وہ امن اورآپسی بھائی چارے کوبرقراررکھنے کیلئے پولیس وسول انتظامیہ کوتعاون دیں گے۔