عظمیٰ نیوزسروس
نگروٹہ//ڈوگرہ گرامین برہمن سبھا، جموں نے نگروٹہ کے گاؤں رنجن میں منعقدہ شراکت پروگرام میں، نگروٹہ اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی کی امیدوار دیویانی رانا کی بھرپور حمایت کا وعدہ کیا۔بی جے پی جموں و کشمیر کے صدر اور ممبر پارلیمنٹ (راجیہ سبھا) ست شرماکے ساتھ بی جے پی کے سینئر لیڈر ایودھیا گپتا، پربھاری ضلع جموں نارتھ، سنیل راکا اور پارٹی کے دیگر سرکردہ کارکنان نے پروگرام میں شرکت کی۔ سبھا کے اراکین، کمیونٹی کے نمائندوں اور مقامی شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے بی جے پی کی ترقی پر مبنی سیاست اور وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں اپنے اعتماد کا عہد کیا۔مجمع سے خطاب کرتے ہوئے ست شرما نے کہا کہ سماج کے ہر طبقے کی طرف سے بڑھتی ہوئی حمایت اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگوں کا بی جے پی کے طرز حکمرانی پر بھروسہ ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی نے ہمیشہ ملک کو پہلے رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے بااختیار بنانے، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور سب کے لیے فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے کثیر الجہتی نقطہ نظر کے ذریعے تمام طبقات کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے انتھک محنت کی ہے۔شرما نے مزید کہا کہ دیویانی رانا، بی جے پی کی امیدوار کے طور پر، عزم اور لگن کا وہی جذبہ رکھتی ہیں جو ان کے والد کے سیاسی سفر کا خاصہ رہا ہے۔ اپنی جیت کے بعد، وہ بی جے پی اور اس کے خاندان کی وراثت کو جاری رکھیں گی اور اس بات کو یقینی بنائے گی کہ نگروٹہ کے ہر کونے میں ہر ضرورت مند کی دہلیز تک ترقی پہنچے۔تقریب کے دوران، ڈوگرہ گرامین برہمن سبھا کے صدر کیول کرشن نے بی جے پی اور اس کی امیدوار دیویانی رانا کے لیے اپنی تنظیم کی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ نگروٹہ کے لوگوں نے بی جے پی کے دور حکومت میں حقیقی ترقی دیکھی ہے۔ ہمیں پختہ یقین ہے کہ نریندر مودی جی کی قیادت اور دیویانی رانا کی نمائندگی میں ہمارا علاقہ ترقی اور خوشحالی کی نئی بلندیوں کو حاصل کرے گا۔ ملک کی تعمیر کے اس مشن میں سبھا بی جے پی کے ساتھ متحد ہے۔