ڈوڈہ گندوہ میں وسیع علاقہ کا محاصرہ اور تلاشیاں چھتر گالہ بھدرواہ میں بھی انسداد ملی ٹینسی آپریشن جاری

Oplus_0

 اشتیاق ملک

ڈوڈہ //گذشتہ شب ڈوڈہ ضلع کی سب ڈویژن گندوہ میں درمن کوٹا ٹاپ کے مقام پر ملی ٹینٹوں و سیکورٹی فورسز کے درمیان مختصر جھڑپ میں ایک پولیس اہلکار شدید زخمی ہوا تھا جس کے بعد علاقہ میں آرمی، ایس ایس بی و پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے اور پورے علاقہ کا محاصرہ کیا ہے تاہم ذرائع کے مطابق ملی ٹینٹوں نے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گھنے جنگلوں میں پناہ لی ہے۔ذرایع کے مطابق علاقہ میں دو سے چار ملی ٹینٹ چھپے ہوئے ہیں۔ پولیس کے اعلیٰ افسر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ملی ٹینٹوں کی تلاش جاری ہے اور پورے علاقہ میں تلاشی کارروائی وسیع پیمانے پر شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زخمی ہوئے پولیس اہلکار کو گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا ہے جہاں پر اسکی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ ادھر ڈوڈہ پولیس نے چار ملی ٹینٹوں کا خاکہ جاری کرتے ہوئے لوگوں سے مشتبہ افراد کی نقل و حرکت کے بارے میں نزدیکی پولیس کو مطلع کرنے و ان کی صحیح اطلاع دینے والے شخص کو 5 لاکھ کا نقد انعام دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ڈوڈہ ضلع کی سب ڈویژن گندوہ میں آخری بار ملی ٹینٹوں و سیکورٹی فورسز کے درمیان 2010 میں جھڑپ ہوئی تھی اور آج ٹھیک چودہ برس بعد اس علاقہ میں دوبارہ ملی ٹینٹوں و فوج کے درمیان آمنا سامنا ہوا ہے۔ ادھرچھترگلہ بھدرواہ میں دوسرے روز بھی ملی ٹینٹوں کی وسیع پیمانے پر تلاش کارروائی جاری رہی جس دوران ڈرونز کا بھی استعمال کیاگیا۔