اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے گندنہ علاقہ میں ہفتہ کے روز پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک نوجوان جاں بحق و 4دیگر زخمی ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق ہفتہ کی شام گندنہ پھافڑی سڑک پر پھافڑی کے نزدیک ایکو گاڑی زیر نمبر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر دو سو فٹ نیچے کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 5افراد زخمی ہوئے۔اس حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگ و پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو کھائی سے نکال کر گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے ایک نوجوان کو مردہ قرار دیا۔ اس کی شناخت ناظم بٹ ولد محمد یوسف بٹ (18سال) کے طور پر ہوئی ہے جبکہ دیگر افراد جی ایم سی میں زیر علاج ہیں جن کی شناخت عرفان احمد (40سال)ولد غلام رسول بٹ، معظم شفیع (19سال)ولد محمد شفیع، عادل حسين (30سال)ولد محمد صابر، آصف علی (16سال)ولد ریاض احمد ساکنہ دھیول گندنہ کے طور پر ہوئی ہے۔ادھرجموں وکشمیر کے کٹھوعہ ضلع کے پالی مورہ میں ایک تیز رفتار ڈمپر نے کمسن لڑکی کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں اس کی برسر موقع ہی موت واقع ہوگئی ۔مقامی لوگوں نے قومی شاہراہ پر آکر دھرناد یا جنہیں پولیس نے منتشر کیا۔اطلاعات کے مطابق کٹھوعہ کے پالی مورہ علاقے میں اس وقت سراسیمگی دوڑ گئی جب ایک تیز رفتار ڈمپر نے کمسن لڑکی کو زور دار ٹکر ماری ۔معلوم ہوا ہے کہ آس پاس موجود لوگوں نے بچی کو علاج ومعالجہ کی خاطر گورنمنٹ میڈیکل کالج کٹھوعہ منتقل کیا تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرارد یا۔متوفیہ کی شناخت 19سالہ ساریکا کے بطور ہوئی ہے ۔ادھر مقامی لوگوں نے قومی شاہراہ پر آکر دھرنا دیا اور ملوث ڈمپر ڈرائیور کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا۔قومی شاہراہ پر دھرنا دینے کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہوکر رہ گئی تاہم پولیس کی مداخلت کے بعد احتجاج کرنے والے پر امن طور پر منتشر ہوئے ۔