اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کی سب ڈویژن گندوہ کے گاؤں چنگا پائیں میں اسوقت کہرام مچ گیا جب اپنے کام کا حساب کی غرض سے نکلے دو نوجوانوں کو کشتواڑ ٹھاٹھری شاہراہ پر درابشالہ کے مقام پر ایک تیز رفتار ڈمپر (ٹپر) نے کچل ڈالا جس کے نتیجے میں دونوں نوجوان جاں بحق ہوئے۔اطلاعات کے مطابق بلال احمد (28سال)ولد غلام مصطفی و عشرت حسین(36سال)ولد محمد حنیف ساکنہ چنگا پائیں بھلیسہ منگل کی صبح گھر سے درابشالہ کی طرف روانہ ہوئے جہاں انہوں نے ایک ٹھیکیدار کے ساتھ اپنے کئے کام کا حساب کرنا تھا لیکن بد قسمتی سے وہ ایک نجی ہوٹل کے باہر تھے اس دوران ایک تیز رفتار ڈمپر زیر نمبرJK17A-2841نے دونوں کو کچل ڈالا جس کے نتیجے میں بلال احمد کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی جبکہ عشرت حسین نے ٹراما ہسپتال ٹھاٹھری میں دم توڑ دیا۔پولیس و مقامی لوگوں کی مدد سے انہیں ٹراما ہسپتال ٹھاٹھری منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے طبی لوازمات مکمل کرکے لاشوں کو وارثوں کے سپرد کیا گیا۔ادھر ان کے آبائی گاؤں واقع چنگا پائیں میں یہ خبر پھیلتے ہی کہرام مچ گیا۔ یہ دونوں جوان پیشہ سے مزدور تھے۔عشرت حسین کے تین بیٹے و بلال احمد کی ایک بیٹی ہے۔اس حادثہ پر متعدد سیاسی و سماجی شخصیات نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی ہے اور سرکار سے متاثرہ کنبوں کی بھرپور مدد کرنے و لاپراہ ڈرائیور کے خلاف سخت کارروائی کی مانگ کی ہے۔پولیس نے اس سلسلہ میں معاملہ درج کر کے گاڑی کو ضبط کیا ہے تاہم ڈرائیور موقع سے فرار ہوا ہے۔
ادھم پور سڑک حادثے میں26 نرسنگ طلاب زخمی
عظمیٰ نیوزسروس
جموں // منگل کو ادھم پور ضلع کے فرنا ماججوٹ علاقے میں ایک مسافر گاڑی کے حادثے کا شکار ہونے کے بعد نرسنگ کے کم از کم 26 طالب علم زخمی ہو گئے اور ان میں سے دو کی حالت نازک ہے۔عہدیداروں نےبتایا کہ ایک مسافر میٹاڈور جس کا رجسٹریشن نمبر JK02S-4087 تھا تیز رفتاری کی وجہ سے اپنا کنٹرول کھو بیٹھا اور سڑک سے نیچے جا گرا۔اس واقعے میں نرسنگ کی 26 طلاب زخمی ہوئیں، تمام زخمیوں کو جی ایم سی ادھم پور منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں میں سے دو کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔تمام زخمی نرسنگ طلباء زیادہ تر وادی کشمیر سے ہیں