اشتیاق ملک
ڈوڈہ //سابق فوجیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کرنے و ان کے اہل خانہ کی حوصلہ افزائی کے لئے 26راشٹریہ رائفلز کی جانب سے ڈوڈہ ضلع کے قصبہ ٹھاٹھری میں ایک میگا ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں برگیڈیر سنیل مشرا، ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ ہرویندر سنگھ کے علاوہ فوج، پولیس و سیول انتظامیہ کے دیگر افسران نے شرکت کی جبکہ ٹھاٹھری و گندوہ بھلیسہ سے آئے کثیر تعداد میں سابق فوجیوں نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ اس میں حصہ لیا۔برگیڈیر 9سیکٹر سنیل مشرا نے ڈپٹی کمشنر ہرویندر سنگھ و دیگر افسران کی موجودگی میں ریلی کا افتتاح کیا اور سابق فوجیوں و ان کے اہل خانہ کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر بولتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس قسم کی ریلی کا مقصد جہاں سابق فوجیوں کے مسائل کے متعلق جانکاری حاصل کرنا ہے وہیں ان پریواروں کے ساتھ بھی اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہے جنہوں نے ملک و قوم کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پریوار کا ایک حصہ ہیں اور ان کے مسائل و مشکلات کا ازالہ کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ برگیڈیر مشرا نے کہا کہ فوج جہاں ملک دشمن عناصر کے خلاف بہادرانہ کردار ادا کر رہی ہے وہیں عوامی فلاح و بہبود کیلئے بھی ہر وقت کوشاں رہتی ہے۔اس دوران ملک کے لیے اپنی جانوں کی قربانی دینے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔