ڈوڈہ کے بیشتر علاقوں میں پولیس و سیکورٹی فورسز کی تلاشی مہم جاری

اشتیاق ملک

ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں تیسرے روز بھی بیشتر علاقوں میں ملی ٹینٹوں کی تلاش کے لئے سیکورٹی فورسز و پولیس کی تلاشی مہم جاری ہے ادھر ضلع صدر مقام ڈوڈہ سے چند ہی کلومیٹر کی دوری پر واقع پرماز و پل ڈوڈہ کے نزدیک ناکہ بندی کی ہے گئی ہے اور آرمی، پولیس و دیگر سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات کی گئی اور ہر آنے جانے والی گاڑیوں کی چیکنگ کی۔ ذرائع کے مطابق پل ڈوڈہ کے مقام پر سٹی و گھٹ کی طرف جارہی گاڑیوں کی نقل و حرکت کو کچھ دیر کے لئے ملتوی کیا گیا تاہم بعد میں معمول کے مطابق ٹریفک بحال رہا۔ ادھر سب ڈویژن گندوہ کے کوٹا ٹاپ ،درمن ٹانٹا میں بھی تلاشی مہم جاری ہے جبکہ چھترگلہ بھدرواہ کے علاقوں میں بھی ملی ٹینٹوں کی تلاش کے لئے سیکورٹی فورسز و پولیس نے گھیرا بندی کی ہے۔گذشتہ روز ڈی آئی جی ڈی کے آر رینج ڈاکٹر شریدھر (آئی پی ایس) نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پولیس و دیگر سیکورٹی فورسز دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے مستعدی سے متحرک ہے اور بہت جلد ضلع میں گھسے ملی ٹینٹوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ پچھلے ایک ہفتہ سے ڈوڈہ ضلع کے دو مقامات پر ملی ٹینٹوں و فوج کے درمیان مختصر جھڑپیں ہوئیں ہیں جن میں پولیس و فوج کے 7 اہلکار زخمی ہوئے ہیں تاہم ملی ٹینٹ نے اندھیرے و گھنے جنگلوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوئے ہیں جن کی تلاش کے لئے وسیع پیمانے پر آپریشن شروع کیا گیا ہے۔