ڈوڈہ کلیہانڈ میں 2 منزلہ رہائشی مکان خاکستر بھاری مالیت کا سامان جل کر راکھ، متاثرین کو معاوضہ دینے کی مانگ

Oplus_0

 اشتیاق ملک

ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے کلیہانڈ گاؤں میں آتشزدگی کی پراسرار واردات میں دو منزلہ رہائشی مکان خاکستر ہوا ہے جس میں بھاری مالیت کا سامان جل کر راکھ ہوا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اتوار کی دوپہر غلام نبی کمہار ولد محمد رمضان کمہار نامی ایک شخص کے 4 منزلہ رہائشی مکان سے آگ بھڑک اٹھی اور چند ہی لمحوں میں پورے مکان میں پھیل گئی۔ اس واقعہ کے فوراً بعد مقامی لوگ و پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور بچاؤ کاروائی شروع کی تاہم بالائی دو منزلہ مکان مکمل طور پر خاکستر ہوا جس میں بھاری مالیت کا سامان جل کر راکھ ہوا ہے اس دوران کچھ افراد کو جزوی چوٹیں بھی آئیں ہیں۔اس واردات کے کچھ گھنٹوں بعد ضلع صدر مقام ڈوڈہ سے فائر بریگیڈ کی گاڑی بھی موقع پر پہنچ گئی اور آگ بجھانے میں مقامی لوگوں کی مدد کی۔ بتایا جاتا ہے کہ بجلی کی شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی ہے تاہم پولیس نے معاملہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔ ادھر مقامی لوگوں نے آتشزدگی سے ہوئے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب تک اس علاقہ میں آتشزدگی کی وارداتوں میں درجنوں عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے تاہم اس کے باوجود اس علاقہ میں ایمرجنسی فائر بریگیڈ کی گاڑی دستیاب نہیں ہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ سے کلیہانڈ علاقہ کے لیے فائر بریگیڈ کی گاڑی فراہم کرنے و متاثرہ کنبہ کو ہر ممکن مدد پہنچانے کی مانگ کی۔