اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ کشتواڑ قومی شاہراہ پر پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک عمر رسیدہ خاتون ہلاک و 2 افراد چناب برد ہوئے ہیں جن کی بازیابی کے لئے وسیع پیمانے پر ریسکیو آپریشن کیا گیا۔اطلاعات کے مطابق ہفتہ کی صبح کانڈوت سے ڈوڈہ کی طرف جارہی ایک آلٹو گاڑی زیر نمبر JK06B-2993شیوا پل پریم نگر کے نزدیک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر دریائے چناب میں جا گری جس کے نتیجے میں موقع پر ہی ایک عمر رسیدہ خاتون ہلاک ہوئی جبکہ دو افراد لاپتہ ہوئے ہیں جن کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ وہ چناب میں بہہ گئے ہیں۔اس حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگ، پولیس ،ایس ڈی آر ایف، سیکورٹی فورسز، سیول انتظامیہ و دیگر رضاکار تنظیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور ریسکیو آپریشن شروع کیا تاہم دیر شام تک لاپتہ افراد کا کوئی سراغ نہیں ملا۔اس حادثہ میں ہلاک ہوئی خاتون کی شناخت پورب دیوی (74سال)زوجہ بابو رام ساکنہ اندرالہ کے طور پر ہوئی ہے جبکہ بالی رام(60سال) و سنجیت بھارتی (28سال)ساکنہ اندرالہ لاپتہ ہیں۔اس ضمن میں پولیس نے معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔