ڈوڈہ//جموں وکشمیر پولیس ضلع ڈوڈہ کی طرف سے ’’نٹرنگ جموں‘‘ کے اشتراک سے ٹائون ہال ڈوڈہ میں سوک ایکشن پروگرام2016-17 کے تحت ’’منشیات کی لعنت‘‘ کے موضوع پر ایک تھیٹر شو کا انعقاد کیا گیا جس میں جموں سے آئے ہوئے فن کارو ں نے مذکورہ موضوع پر ڈرامے پیش کئے۔اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ بھوپندر کمار بطورِ مہمان، خصوصی موجو د تھے اور ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر بطورِ مہمانِ اعزازی موجود تھے جب کہ نوجوانوں سے کھچا کھچ بھرے ہوئے ہال میں اے ایس پی ڈوڈہ ونے کمار،ڈی ایس پی ہیڈکواٹرس ڈودہ افتخار احمد اور ڈی ایس پی ڈی اے آر ڈودہ نذیر احمد گنائی کے علاوہ پولیس و سول انتظامیہ کے متعدد دیگر آفیسران اور قصبہ ڈوڈہ کے درجنوں معززین بھی موجود تھے۔شو کے دوران جموں سے آئے ہوئے فن کاروں نے اپنے فن سے حاضرین کو محظوط کیا اور اُن سے دادِ تحسین حاصل کی۔اس شو کا مقصد عوام بالخصوص نوجوانوں میں منشیات کی تباہ کاریوں سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ منشایت کی لعنت سے دور رہیں جو معاشرے کو اندر ہی اندر سے کھائے جا رہی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ نشہ کرنے کے رسیاء لوگ اپنی جان کے دشمن ہوتے ہیں جب کہ منشیات فروش ملک و قوم کے وہ دشمن ہے جو نوجوان نسلوں کو تباہ کر کے ملک و قوم کی بنیادیں کھوکھلی کر رہے ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ منشیات کے خاتمے میں حکومت،انتظامیہ ، پولیس اور اس لعنت کو ختم کرنے کے لئے کوشش کرنے والے سرکاری اورغیر سرکاری اداروں کو اپنا بھر پور تعاون فراہم کریں تاکہ منشیات سے پاک معاشرہ کی تعمیر ممکن ہو سکے۔اُنہوں نے اس پروگرام کے انعقاد پر پولیس انتظامیہ اک شکریہ ادا کیا اور منشیات کی لعنت پر قابو پانے کے لئے پولیس کی طرف سے کی جا رہی کوششوں سراہا۔اپنے خطاب میں ایس ایس پی ڈوڈہ نے کہا کہ جب تک منشیات کے مضمرات سے نوجوان نسل کو آگاہی نہیں ہوگی ، تب تک اِس لعنت پر کنٹرول کرنا مشکل ہے۔ اِس لئے حکومت،انتظامیہ،پولیس اور سول سوسائٹی کو مل کر اِس لعنت کو ختم کرنے کے لئے کام کرنا ہوگا۔اُنہوں نے کہا کہ شروع ہی سے والدین کو اپنی اولاد کی تمام مصروفیات پر نظر رکھنی چاہیے تاکہ وہ اُن لوگوں کے ہاتھ نہ چڑھیں جو نئی نسل کو نشہ کی طرف لے جاتے ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ ڈوڈہ پولیس نے اس لعنت کو ختم کرنے کا تہیہ کر لیا ہے اور گذشتہ ایک ماہ کے دوران اُنہوں نے منشیات کو فروغ دینے والوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے متعدد کو قانون کے حوالہ کیا ہے،تاہم اس کاخاتمہ عوام کے مکمل تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ملک و قوم اور انسانیت کے ان مجرموں کوجو ہماری نوجوان نسل کے لئے ایک دیمک کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کے مددگاروں کو بے نقاب کرنا ہم سب کا مشترکہ فریضہ ہے۔اُنہوں نے یقین دلایا کہ اس قسم کے پروگراموں کا انعقاد مستقبل مین بھی کیا جاتا رہے گا۔