اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ پولیس نے چوری کے دو الگ الگ واقعات میں ایک ایس پی او سمیت 5 افراد کو گرفتار کر کے چوری شدہ سامان و نقدی رقم بھی برآمد کی۔ ضلع پولیس کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق یکم جنوری کو اجے کمار ولد سیوا رام سکنہ گھٹ نے گورنمنٹ میڈیکل کالج گھٹ کے متصل واقع مندر میں نقدی رقم چوری کی شکایت ڈوڈہ تھانہ میں درج کی اور اس ضمن میں ایف آئی آر زیر 01/2025تحت دفعات(3) 302،305 بی این ایس درج کر کے ایس ایچ او پرویز کھانڈے کی قیادت میں ایس ایس پی نے ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جنہوں نے اپنے تمام وسائل و تکنیکی صلاحیتوں کا استعمال کرکے 24 گھنٹے کے اندر دو کمر عمر بچوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 13550 روپے نقد رقم برآمد کی۔ ادھر سب ڈویژن گندوہ میں محمد آصف ولد نثار علی سکنہ راجپورہ نے گندوہ تھانہ میں یکم جنوری کی شب کو بھڑگی موڑ پر واقع دوکان سے موبائل و دیگر سامان چوری ہونے کی شکایت درج کرائی۔اس ضمن میں ایف آئی آر زیر 01/2025 تحت دفعات 305، 331(4) بی این ایس درج کر کے ایس ایس پی ڈوڈہ کی ہدایت پر ایس ڈی پی او راج کمار کول و ایس ایس ایچ او شاہنواز گیری کی قیادت میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے کر چوروں کی تلاش شروع کی۔ اس دوران تین افراد کو گرفتار کیا گیا اور ان کے قبضے سے 13 موبائل، 12 چارجر، دو ٹارچز، دو پاور بنک و دیگر سامان برآمد کیا. ان کی شناخت محمد اسلم ولد محمد عباس ساکنہ دھریوڑی، یاسر حسین ولد محمد حسین ساکنہ دھریوڑی و شمیم احمد ولد عبدالقیوم ساکنہ گواڑی کے طور پر ہوئی ہے. بتایا جاتا ہے کہ شمیم احمد ایس پی او کے طور پر اپنی خدمات انجام دیتا تھا۔