بھدرواہ //ضلع ڈوڈہ میں رونما ہونے والے دو الگ الگ سڑک حادثات میں ایک خاتون کی موت ہو گئی جب کہ 47دیگر مسافر زخمی ہو گئے ہیں جن میں سے 11کو تشویشناک حالت کے پیش نظر جموں میڈیکل کالج منتقل کر دیا گیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ کاہراہ کے قریب ایک میٹا ڈور JK06-6959جو کہ ہلارن سے ڈوڈہ کی جانب جارہی تھی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر 200فٹ گہری کھائی میں جا گری ۔20مسافروں کی گنجایش والی اس گاڑی میں 36مسافر سوار تھے جن میں سے 25شدید زخمیوں کو ضلع ہسپتال ڈوڈہ منتقل کیا گیا جب کہ کلثومہ بیگم زوجہ صفدر حسین ساکن گندو کی موقعہ پر ہی موت واقعہ ہو گئی۔ دریں اثنا ایک مسافر گاڑی ڈوڈہ قصبہ سے 3کلو میٹر دور نلوانالہ میںحادثہ کا شکار ہو گئی جس کے نتیجہ میں 12افراد زخمی ہو گئے جن میں سے 7افراد کی حالت نازک بنی ہوئی ہے ۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ ٹیمپو ٹروالر زیر نمبر JK06-2868ڈوڈہ سے ادہم پور کی جانب جا رہا تھا کہ نلوا گاﺅں کے قریب ایک موڑ پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہرے نالے میں جا گرا۔دونوں حادثوں میں زخمی ہونے والے6افراد کو بذریعہ ہیلی کاپٹر اور 5کو بذریعہ روڈجموں منتقل کر دیا گیا ہے جب کہ 26زخمی ضلع ہسپتال ڈوڈہ میں زیر علاج ہیں۔
ڈوڈہ سڑک حادثہ:آزاد،سروڑی،وانی،نیاز سمےت سینئرکانگریس لیڈران کااِظہارِ افسوس
ڈوڈہ //کانگریس لیڈران نے ٹھاٹھری قاہرہ سڑک پر ہوئے دلدوزحادثے پر گہرے دُکھ کااظہار کیا ہے ۔ایک مشترکہ بیان میں سابق وزیراعلیٰ وراجیہ سبھامیں اپوزیشن رہنماغلام نبی آزاد،جے کے پی سی سی نائب صدر غلام محمد سروڑی، جنرل سیکریٹری عبدالمجید وانی ، ایم ایل سی نریش کمار گپتا، ایگزیکٹو ممبر محمد شریف نیازنے ضلع ڈوڈہ کے قاہرہ علاقے میں ہوئے سڑک حادثے پر گہرے رنج و غم کااظہار کیا ہے ۔ اُنہوں نے ایک تعزیتی پیغام میں غمزدہ خاندانوں کیساتھ ہمدردی کابھی اظہار کیا ہے ۔وادی چناب میں لگاتار سڑک حادثات پر گہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے کانگریس لیڈران نے اس سلسلے میں ریاستی اسمبلی میں ہوئی بحث، مختلف میٹنگوں اور ہاﺅس کمیٹی کی سفارشات کی یاد دہانی کراتے ہوئے شدید برہمی کااظہار کیا ہے کہ زمینی سطح پر سڑک حادثات کی روکتھام کے لئے کوئی اقدام نہیں کیا گیاہے۔کانگریس لیڈران نے ریاستی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی سے لواحقین کے حق میں5 لاکھ روپے فی کس ایکس گریشیاریلیف منظورکرنے کی استدعاکی۔