سمیت بھارگو
جموں// پولیس نے بدھ کے روز کہا کہ اس نے ڈوڈہ ضلع میں کئی اوور گرانڈ ورکرز کو گرفتار کرکے او جی ڈبلیو نیٹ ورک کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈان شروع کیا ہے۔ایک بیان میں، پولیس نے کہا کہ اس سال 12 جون کو پولیس سٹیشن گندوہ میں آئی پی سی، آرمس ایکٹ اور یو اے پی اے کی مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آرنمبر( 67/2024)درج کی گئی تھی۔پولیس ترجمان کے مطابق ایس ڈی پی او گندوہ کی سربراہی میں ہونے والی تحقیقات کے بعد مبشر حسین، صفدر علی اور سجاد احمد کو 18 اور 20 جون 2024 کو گرفتار کیا گیا اور وہ اس وقت ڈسٹرکٹ جیل بھدرواہ میں عدالتی تحویل میں ہیں۔ اس کے بعد، 26 جون، 2024 کو، ایک اور ایف آئی آر نمبر 70/2024 پولیس سٹیشن گندوہ میں درج کی گئی اور شوکت علی کو 14 جولائی، 2024 کو گرفتار کیا گیا،جو پولیس کی تحویل میں ہے، تحقیقات کے آگے بڑھنے کے ساتھ ساتھ مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔ڈوڈہ پولیس، ضلع میں او جی ڈبلیوکے نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جلد مزید گرفتاریوں کا امکان ہے۔
ڈوڈہ میں فائرنگ
ڈوڈہ ضلع کے ایک جنگلاتی علاقے میں چار گھنٹے کے وقفے کے اندر سیکورٹی فورسز اورملی ٹینٹوں کے درمیان دو بار مختصر فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔پولیس نے بتایا کہ ولیج ڈیفنس گارڈز (VDGs) نے بھی اپنے گائوں کے باہر مشکوک نقل و حرکت کو دیکھنے پر فائرنگ کی، جب کہ گندوہ کے علاقے سے دو دھماکہ خیز خول برآمد ہوئے۔فائرنگ کے تبادلے کی اطلاع پہلے منگل کی رات 10.45 بجے کالان بھاٹا اور پھر 2 بجے پنچن بھاٹا کے قریب دیسا کے جنگلاتی علاقے میں جاری انسداد دہشت گردی آپریشن کے دوران ہوئی، جہاں پیر اور منگل کی درمیانی رات میں فوج کے چار اہلکار مارے گئے۔ تازہ ترین فائرنگ کے تبادلے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ حکام نے بتایا کہ اندھیرے، دشوار گزار علاقے اور گھنے جنگل کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملی ٹینٹ فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔راشٹریہ رائفلز اور پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ کے دستوں نے ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع کے بعد پیر کی شام دیر گئے ڈوڈہ شہر سے تقریباً 55 کلومیٹر دور دیسا جنگلاتی پٹی میں دھاری گوٹے اوراربگی میں مشترکہ محاصرہ اور تلاشی مہم شروع کی تھی۔حکام نے بتایا کہ چیلنجنگ خطہ اور موسمی حالات کے باوجود، دہشت گردوں کا پتہ لگانے اور انہیں بے اثر کرنے کی کوششیں جاری ہیں جن کے پاکستان میں مقیم ممنوعہ جیش محمد سے تعلقات ہیں۔فوج پیرا کمانڈوز اور ڈرون اور ہیلی کاپٹروں کی فضائی مدد کے ساتھ سرحد پار سے گھس کر جنگل کے علاقے میں پناہ لینے والے ملی ٹینٹوںکیخلاف اپنی تلاشی مہم کو تیز کر رہی ہے۔حکام نے بتایا کہ گائوں کے دفاعی محافظوں نے درمیانی رات کے دوران دیسا علاقے میں ان کے میلان گائوں کے قریب مشکوک نقل و حرکت کو دیکھنے پر فائرنگ کی۔انہوں نے بتایا کہ فوج کے ساتھ پولیس گائوں میں پہنچ گئی ہے اور بدھ کی صبح علاقے کی مکمل تلاشی شروع کی گئی ۔حکام نے بتایا کہ ڈوڈہ ضلع کے گندوہ کے سینو جنگلاتی علاقے میں ایک الگ سرچ آپریشن کے دوران دو دھماکہ خیز خول برآمد کئے گئے۔
آپریشنز
راجوری-پونچھ سیکٹرمیںملی ٹینٹوں کے پھیلنے کے ساتھ، فورسز اب ملحقہ علاقوں میں اوور گرانڈ کارکنوں اورملی ٹینٹوں کے حامیوں کے خلاف بھی ہم آہنگی کے ساتھ کارروائیاں کر رہی ہیں۔ ہندوستانی فوج جموں و کشمیر پولیس کے ساتھ مل کر آپریشنز کا ایک سلسلہ چلا رہی ہے جو ادھم پور، ڈوڈہ، کشتواڑ اور بھدرواہ اضلاع کے بالائی علاقوں اور اس کے بعد وادی کشمیر میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ کٹھوعہ کے علاقے میں بھی اسی طرح کی کارروائیاں مسلسل کی جا رہی ہیں۔ مختلف ایجنسیوں کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔ان میں جموں و کشمیر پولیس اور نیم فوجی دستوں کے ساتھ مشترکہ تربیت اور ہندوستانی فوج، جے کے پولیس اور دیگر انٹیلی جنس ایجنسیوں کے درمیان مضبوط انٹیلی جنس شیئرنگ میکانزم بھی شامل ہے۔اسی طرح کی انٹیلی جنس پر مبنی اور علاقے پر تسلط کی کارروائیاں کشمیر اور، پیر پنچال کے شمال میں جاری ہیں۔ جولائی کو پیر پنجال رینجز کے جنوب میں لام میں دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیاں بھی کی گئی ہیں۔