عظمیٰ ویب ڈیسک
ڈوڈہ/ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ، ہرویندر سنگھ نے ہفتے کے روز کہا کہ ضلع بھر میں چار سے زیادہ افراد کا ایک ساتھ جمع ہونے پر پابندیاں بدستور عائد رہیں گی جبکہ حفاظتی جانچ کے بعد اسکول پیر سے دوبارہ کھلنے کی توقع ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی ہرویندر نےکہاکہ ’’دفعہ 163 کے تحت پابندیاں، جو چارسے زائد افراد کے جمع ہونے پر عائد کی گئیں تھیں فی الحال پورے ضلع میں نافذ ہیں۔انہوں نے مزید کہا، واضح پیغام دیا گیا ہے کہ لوگ صرف ضروری اشیاء خریدنے کے لیے گھروں سے نکلیں اور فوراً واپس جائیں، غیر ضروری طور پر جمع ہونے کی کوشش نہ کریں۔
اسکولوں کے دوبارہ کھلنے کے حوالے سے انہوں نے کہاجیسا کہ میں نے پہلے ذکر کیا تھا، اسکولوں میں معائنہ جاری ہے کیونکہ حالیہ شدید بارشوں سے کافی نقصان ہوا ہے۔ ہر ادارے کا معائنہ ضروری تھا۔ یہ معائنہ کل شام تک مکمل ہو جائے گا اور پیر سے ہم بچوں کو محفوظ طریقے سے اسکول جاتے دیکھ سکیں گے۔
ڈی سی نے جعلی خبروں سے ہوشیار رہنے کی بھی تلقین کی۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے پاس اطلاعات ہیں کہ افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔ میں سب سے، خصوصاً والدین سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بچوں کو سمجھائیں کہ جھوٹی خبروں پر توجہ نہ دیں۔ہرویندر سنگھ نے مزید کہا کہ ڈوڈہ پرامن ہے اور عوام نے مکمل تعاون کیا ہے، تاہم ہمیں باہر سے پھیلائی جانے والی منفی خبروں کے خلاف چوکس رہنا ہوگا۔
ڈوڈہ میں 163کے تحت پابندیاں برقرار، لوگ غیر ضرروی جمع ہونے سے پرہیز کریں، پیر سے اسکول کھلنے کی توقع: ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ
