ڈوڈہ//تحصیل لیگل سروسز اتھارٹی ڈوڈہ کی طرف سے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ ڈوڈہ او پی ٹھاکور جو تحصیل لیگل سروسز کمیٹی ڈوڈہ کے چیئر مین بھی ہیں،کی صدارت میں احاطہ عدالت ڈوڈہ میں قومی لوک عدالت کا اہتمام کیا گیاجس کے لئے ایڈیشنل سپیشل موبائل مجسٹریٹ ڈوڈہ ارون کمار کوتوال و ڈسٹرکٹ جوڈیشل موبائیل مجسٹریٹ ڈوڈہ جاوید راناکی خدمات بھی حاصل کی گئی تھیں۔لوک عدالت افتتاح ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج ڈوڈہ حق نواز زرگر نے کیا۔ لوک عدالت میںبنکوں،بجلی،پی ایچ ای اور گھریلو قسم کے 202معاملات کی شنوائی ہوئی اور باہمی افہام و تفہیم سے ان کے فیصلے عمل میں لائے گئے۔اس دوران 13,47,250اور 4,55,250روپے موقع پر ہی وصول کئے گئے۔عدالت میں مقدمہ بازوں،وکلاء،صحافیوں ،سماجی کارکنان کے علاوہ عام لوگوںکی بھاری تعداد نے بھاری تعداد میں موجود تھے جنہوں نے عدالتی کاروائی کا مشاہدہ کیا۔اس موقع پر چیئرمین تحصیل لیگل سروسز کمیٹی ڈوڈہ لوک عدالتوں کے انعقاد کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے آزاد عدالتی نظام کی یہ کوشش ہے کہ لوگوں کو جلد سے جلد سستا انصاف ملے اور لوک عدالتوں کے ذریعہ عام لوگوں میں قانونی بیداری بھی پیدا کی جائے اور اُنہیں اُن کے حقوق اور فرائض کے بارے میں جانکاری فراہم کی جائے، تاکہ ایک ایسا معاشرہ وجود میں آئے جہاں ہر طرف انصاف اور برابری کابول بالا ہو اور ہر شخص خو د کو محفوظ تصور کرے۔ اس موقع پر حاضرین کو اُن کے حقوق اور فرائض کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی گئی اور مقدمہ بازوں سے کہا گیا کہ اگر وہ آئندہ لوک عدالت میں اپنے مقدمات کا فیصلہ کروانا چاہتے ہیں تو وہ ڈوڈہ عدالت سے رابطہ قائم کریں۔