سرینگر//ضلع ڈوڈہ میں قائم ایک معروف دینی مدرسہ کی انتظامیہ نے سنیچر کے روز ہوسٹل عمارت کو کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کو قرنطین کرنے کیلئے وقف کیا جس کے اندر100بستروں پر مشتمل خصوصی مرکز قائم کیا جائے گا۔
انتظامیہ کو لکھے ایک خط میں غنیة العلوم واقع اکھیر پورہ نامی مدرسہ کے پرنسپل مفتی برہان الحق گانی پوری نے کہا کہ مذہبی ادارے کی ہوسٹل عمارت کو کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کو قرنطین کرنے کیلئے استعمال کیا جائے گا تاکہ اس مہلک وائرس کو ضلع میں پھیلنے سے روکا جاسکے۔
غنیة العلوم جموں صوبے کا سب سے بڑا دینی مدرسہ ہے جو ضلع ڈوڈہ میں بھلیسہ کے تحصیل چلی پنگل میں قائم ہے۔
مفتی نے مزید کہا”ہم ہوسٹل عمارت کو قرنطین مرکز کیلئے وقف کرنے کیلئے تیار ہیں جو ایک ایسے علاقے میں واقع ہے جہاں کوئی اسپتال یا سرکاری عمارت موجود نہیں ہے“۔انہوں نے کورو نا وائرس سے پیدا صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے سکول کی خدمات کی بھی پیشکش کی ۔