عظمیٰ نیوز سروس
ڈوڈہ//ڈوڈہ کے اسپورٹس اسٹیڈیم میں جمعہ کو ڈویژنل سطح کے انڈر 17 بوائز کھو کھو ٹورنامنٹ کا افتتاح ہوا۔افتتاحی رسم جعفر حیدر شیخ ڈسٹرکٹ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس آفیسر ڈوڈہ نے انجام دی۔جموں ڈویژن کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والی ٹیمیں اس دلچسپ انڈر 17 کھوکھو چیمپئن شپ میں حصہ لینے کے لیے پہنچ چکی ہیں۔ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس ڈپارٹمنٹ نے شہر سے باہر تمام ٹیموں کے لیے آرام دہ رہائش اوردیگر سہولیات کو یقینی بنایا ہے۔ چیف میڈیکل آفیسر ڈوڈہ نے گراؤنڈ میں ضروری طبی امداد فراہم کی۔میچز کے آغاز سے قبل کھیلوں کے جذبے کو برقرار رکھنے کے لیے منصفانہ کھیل کا حلف لیا گیا۔ انڈر17 عمر گروپ کے میچوں کے ابتدائی نتائج میںسامبا نے ریاسی پر 7 پوائنٹس کے فرق سے فتح حاصل کی، جبکہ ڈوڈہ نے کشتواڑ کے خلاف شاندار اننگز اور 11 پوائنٹس کی برتری کے ساتھ فتح حاصل کی۔