عظمیٰ نیوز سروس
ڈوڈہ//محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس (DYSS) ڈوڈہ کی جانب سے انڈر 14 اور انڈر 17 لڑکوں و لڑکیوں کے لئے انٹر زونل ضلعی سطح کے ٹورنامنٹ کا دوسرا مرحلہ انڈور اسپورٹس اسٹیڈیم ڈوڈہ میں کامیابی سے منعقد کیا گیا۔یہ ٹورنامنٹ ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس جموں و کشمیر یو ٹی کی طرف سے جاری کردہ سال 2025–26 کے منظور شدہ ایکٹیویٹی کیلنڈر کے تحت منعقد ہوا۔ یہ مقابلے ڈائریکٹر جنرل یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس محترمہ انورادھا گپتا کی سرپرستی، جوائنٹ ڈائریکٹر جموں وناکشی کول کی رہنمائی اور ڈی وائی ایس ایس او ڈوڈہ جعفر حیدر شیخ کی نگرانی میں منعقد کئے گئے۔ٹورنامنٹ میں نوجوان کھلاڑیوں کے درمیان باکسنگ، کراٹے، جوڈو، ووشو، تھنگ-تا، فینسنگ اور بیڈمنٹن کے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے۔ ان کھیلوں کا مقصد بہترین کھلاڑیوں کو آگے ریاستی و قومی سطح پر مقابلوں کے لئے تیار کرنا ہے۔ڈی وائی ایس ایس او جعفر حیدر شیخ نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر تمام شرکاء ، افسران، کوچز اور تعاون کرنے والے عملے کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے نوجوانوں سے کھیلوں کے ذریعے صحت مند طرز زندگی اپنانے اور منشیات سے دور رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’نوجوان نسل کو ‘نشہ مکتی’ کی طرف راغب کرنا ہمارا اجتماعی فرض ہے‘۔تقریبات کی نگرانی محکمہ کے ماہر افسران، جن میں پی ای ایلز، پی ای ایمز، پی ای ٹیز، آر ای کیز، گراؤنڈ اسٹاف اور این وائی سیز شامل تھے، نے کی۔یہ ٹورنامنٹ نہ صرف جسمانی فٹنس کو فروغ دینے کا ذریعہ بنا بلکہ نوجوانوں میں نظم و ضبط، ٹیم ورک اور برداشت جیسے اہم اخلاقی اقدار بھی پیدا کیے، جو ایک صحت مند اور باصلاحیت معاشرے کی بنیاد ہیں۔