ڈوڈہ//ضلع ڈوڈہ میںسوموار کو ایک المناک حادثہ میں ایک ہی کنبہ کے5افراد اُس وقت لقمہ اجل بن گئے جب انکی گاڑی ببور علاقہ میں کاشور کے نزدیک ایک گہری کھائی میں جا گری۔ بغیر رجسٹریشن نمبر آلٹو K10 ڈوڈہ سے جٹھیلی علاقہ کی جانب رواں تھی کہ ڈوڈہ سے10کلو میٹر کی دوری پر گاڑی سڑک سے لڑھک کر گہری کھائی میں جا گری ۔حادثہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ اور پولیس فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو ضلع ہسپتال ڈوڈہ منتقل کیا،جہاں ڈاکٹروں نے 2 کو مردہ قرار دیا جبکہ دیگر تین زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھے۔کار میں ایک ہی کنبے کے افراد سوار تھے ۔اس حادثہ میں جو اہل خانہ لقمہ اجل بن گئے ان میں45سالہ بشیر احمدشاہ ولد فیروزالدین شاہ،اُسکی اہلیہ فاطمہ بیگم عمر35سال،اُسکا بیٹا ضیاء بشیر عمر14سال، اُسکی دوبیٹیاں شائقہ بانو عمر 17سال اور نیلوفر بشیر عمر19 سال ساکنان شو ا استھان ،ڈوڈہ شامل ہیں۔