عظمیٰ نیوز سروس
ڈوڈہ//ڈوڈہ میں محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس کی جانب سے انٹر زونل ضلعی سطح کے یوگا، ہینڈ بال، باسکٹ بال اور بیڈمنٹن کے مقابلوں کا آغاز ہو گیا ہے۔ یہ مقابلے ڈی وائی ایس ایس او ڈوڈہ جعفر حیدر شیخ کی نگرانی میں منعقد کئے جا رہے ہیں، جن کے تحت ضلع کے مختلف مقامات پر کھیلوں کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ان مقابلوں میں کل 280 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، جو مقامی نوجوانوں کی شاندار صلاحیتوں اور کھیلوں سے وابستگی کو ظاہر کرتا ہے۔ ان کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنا اور اسپورٹس مین اسپرٹ کو فروغ دینا ہے۔یوگا، ہینڈ بال، باسکٹ بال اور بیڈمنٹن جیسے مختلف کھیلوں میں نوجوانوں کی بھرپور شرکت سے ضلع میں کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحالی کا نیا جذبہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ یہ مقابلے 22 جولائی تک جاری رہیں گے اور ضلع کے نوجوانوں کو ٹیم ورک، نظم و ضبط اور صحت مند مقابلے کے مواقع فراہم کریں گے۔ڈی وائی ایس ایس او جعفر حیدر شیخ نے کہا کہ ’کھیل نوجوانوں کی جسمانی اور ذہنی نشو و نما کے لئے نہایت اہم ہیں۔ ہم ان مقابلوں کے ذریعے مقامی ٹیلنٹ کو نکھارنے اور انہیں ضلعی، صوبائی و قومی سطح تک پہنچانے کے لئے کوشاں ہیں‘‘۔عوامی و تعلیمی حلقوں نے ان مقابلوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے نہ صرف نوجوانوں میں کھیلوں کا شوق بڑھے گا بلکہ ضلع ڈوڈہ کا نام بھی مختلف سطحوں پر روشن ہوگا۔