اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ پولیس نے موٹر سائیکل چوری کے ایک مقدمہ کو 48گھنٹوں کے اندر حل کر لیا اور جرم میں ملوث دو ملزموں کو گرفتار کر لیا ہے۔ضلع پولیس ڈوڈہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق 5نومبر کو پولیس سٹیشن عسر میں عمیر اللہ وانی ولد ہدایت اللہ وانی کی جانب سے ایک تحریری شکایت موصول ہوئی، جس میں کہا گیا تھا کہ ان کی موٹر سائیکل زیر رجسٹریشن نمبر JK06A-6107جھٹی سے علاقے سے غائب ہو گئی ہے۔پولیس نےفوری کارروائی کرتے ہوئے (BNS) کی دفعہ 302(2) کے تحت ایف آئی آر نمبر 37/2025درج کی اور ایس ایس پی سندیپ مہتا کی ہدایات پر کیس کی تحقیقات کے لیے پی ایس آئی شوم دیو سنگھ کی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس کی نگرانی ڈی وائی ایس پی ڈی اے آر ڈوڈہ اور ایس ایچ او پولیس اسٹیشن عسر نے کی۔تحقیقات کے دوران 06 نومبر کی صبح سویرے دو مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ دونوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے 26 اکتوبر کی درمیانی رات کو موٹر سائیکل چوری کی تھی، جو ان کے قبضے سے برآمد کر لی گئی۔ ملزمان کی شناخت محمد طارق عرف بفر ولد محمد اسلم، ساکن بھگٹھہ ، کٹرہ، ضلع ریاسی و منیش کمار ولد منسا رام، ساکن بیلی چناڑہ بھلیسہ ضلع ڈوڈہ کے طور پر ہوئی ہے۔ان کے مجرمانہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ محمد طارق عرف بفر ایک عادی مجرم اور مفرور ہے، جو کئی اضلاع اور ریاستوں میں متعدد مجرمانہ مقدمات میں مطلوب ہے۔ وہ آئی پی سی اور این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت چوریوں، نقب زنیوں اور دیگر جرائم کی ایک سیریز میں ملوث رہا ہے. اس شخص کے خلاف درج ایف آئی آر کی طویل فہرست میں شامل ہیں۔مذکورہ بالا مفرور کافی عرصے سے گرفتاری سے بچ رہا تھا اور ریاسی، ادھم پور، ڈوڈہ، کانگڑا، دھرم شالہ، نور پور، اور شملہ (HP) سمیت کئی اضلاع میں مطلوب تھا۔وہ چوری، نقب زنی، منشیات سے متعلق جرائم اور آئی پی سی اور این ڈی پی ایس دفعات میں مطلوب ہے۔