ڈوڈہ//سوک ایکشن پروگرام2016-17کے تحت ڈسٹرکٹ پولیس ڈوڈہ کی طرف سے گورنمنٹ ہائر اسکنڈری اسکول بوائز ڈوڈہ میں ـ’’منشیات کے استعمال‘‘ کے موضوع پر ایک مباحثے کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف مقررین نے مقررہ موضوع پر تفصیل سے تبادلۂ خیالات کیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ بھوپندر کمار پروگرا م میں بطورِ مہمانِ خصوصی موجود تھے جب کہ ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر،ایڈیشنل ایس پی ہیڈکوارٹرس ونے کمار،ڈپٹی ایس پی ڈی اے آر ڈسٹرکٹ پولیس لائن ڈودہ نذیر احمد گنائی اورپرنسپل گورنمنٹ ہائر اسکنڈری اسکول بوئز ڈوڈہ تنویر احمد وانی کے علاوہ متعدد دیگر آفیسران،اساتذہ اورمختلف اسکولوں اور ڈگری کالج ڈودہ میں زیرِ تعلیم سینکڑوں طلباء وطالبات بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مباحثے میں 14طلباء و طالبات نے حصہ لے کر مذکورہ موضوع پر سیر حاصل بحث کی۔ڈگری کالج ڈوڈہ کی بی اے سمسٹر چار کی طالبہ نازش وانی نے پہلی،گورنمنت ہائر اسکنڈری اسکول بوائز ڈوڈہ کے طالب علم ہرشت رانا نے دوسری اور گورنمنٹ ہائر اسکنڈری اسکول گرلز ڈوڈہ کی طالبہ اقصیٰ بیگ نے تیسری پوزیشن حاسل کی جنہیں بالرتیب 1500روپے،1000روپے اور500روپے کے نقد انعامات،مومنٹو اور توصیفی اسناد سے نوازا گیا۔اپنے خطاب میںضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ بھوپندر کمار نے کہ نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ منشیات کی لعنت سے دور رہیں جو معاشرے کو اندر ہی اندر سے کھوکھلا کر رہی ہے۔اُنہوں نے اس قسم کی سرگرمیوں اور پروگراموں کے انعقاد پر پولیس کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پولیس اور عوام کے درمیان تعلقات اور روابط مضبوط ہوں گے اور معاشرے کو جرائم اور منشیات کی لعنت سے پاک کرنے میں مدد ملے گی۔حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر نے مباحثے میں حصہ لینے والوں اور دیگر شرکائے پروگرام کا شکریہ ادا کیا کہ اُنہوں نے اپنا قیمتی وقت صرف کر کے اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں اپنا تعاون فراہم کیا۔اُنہوں نے عوام اور میڈیا نمائندوں کو سوک ایکشن پروگرام کے تحت پولیس کی طرف سے انجام دی جا رہی سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور معاشرے کو منشیات کی لعنت اور جرائم سے پاک کرنے کے لئے پولیس کو اپنا بھر پور تعاون فراہم کرنے کی اپیل کی۔اُنہوں نے کہا کہ منشیات موجودہ دور کا سب سے بڑا المیہ ہے جس نے زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ منشیات کی روک تھام کسی ایک فرد، ادارے یا حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ اس مسئلے کو ملکی و قومی سطح پر مشترکہ انداز سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔ہم سب کی یہ مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم منشیات کی زہر ناکیوں سے نوجوان نسل کوآگاہ کریں کیوں کہ جب تک منشیات کے مضمرات سے نوجوان نسل کو آگاہی نہیں ہوگی ، تب تک اِس لعنت پر کنٹرول کرنا مشکل ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ملک و قوم اور انسانیت کے ان مجرموں کوجو ہماری نوجوان نسل کے لئے ایک دیمک کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کے مددگاروں کو بے نقاب کرنا ہم سب کا مشترکہ فریضہ ہے۔اُنہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ منشیات کا استعمال ترک کر کے سماج کی بہتری کے لئے اپنی بہترین صلاحیتوں کا استعمال کریں۔ اُنہوں نے حاضرین کو یقین دلایااس قسم کے پروگراموں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔اس موقع پر اے ایس پی ہیڈکوارٹرس ڈوڈہ اور پروگرام کے نوڈل آفیسر وِنے کمار نے بھی حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے منشیات کی تباہ کاریوں سے اُنہیں آگاہ کیا۔اُنہوں نے کہا کہ منشیات سے پاک معاشرہ جموں وکشمیر پولیس کے اہم مقاصد میں سے ایک ہے جسے ڈی جی پی جموں وکشمیر نے 2017کے لئے اپنی ترجیحی فہرست میں رکھا ہوا ہے۔