اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع سے تعلق رکھنے والے دو نوجوانوں کی لاشیں لہیہ سے مشکوک حالت میں برآمد ہوئیں ہیں جو مزدوری کرنے کی غرض سے لداخ گئے ہوئے تھے۔ادھر ان کے آبائی گاؤں میں اس المناک سانحہ پر صف ماتم بچھ گئی ہے اور انتظامیہ سے معاملہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق آفرین احمد (25)ولد وزیر احمد ساکنہ بیولی جو کہ پیشہ سے ڈرائیور تھا کہ لاش لیہہ قصبہ کے قریب ایک کرایہ کے کمرے میں جمعرات کی شام کو ملی وہیں عقیل احمد ولد عبدالقیوم ساکنہ ترنگل عسر کی لاش بھی لیہہ قصبہ کے اندر ہی جمعہ کی صبح چھت سے لٹکی ہوئی ملی۔ادھر ان کے آبائی علاقوں میں غم کا ماحول پیدا ہوا ہے اور مہلوکین کے رشتہ داروں نے معاملہ کی تحقیقات کی مانگ کی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ مزدوری کی غرض سے گھر سے گئے تھے اور وہاں سے ان کی مشکوک حالت میں لاشیں برآمد ہوئیں۔ان واقعات کو لے کر لیہہ میں ڈوڈہ ضلع سے تعلق رکھنے والے مزدوروں نے احتجاج کرتے ہوئے انتظامیہ سے تحقیقات کی مانگ کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے گھروں سے دور روزگار کمانے کے لئے آتے ہیں اور یہاں اگر ہم غیر محفوظ ہیں تو پھر گھروں میں رہنا ہی بہتر ہے۔انہوں نے لداخ،لیہہ و ڈوڈہ انتظامیہ سے اس معاملہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرکے مزدوروں کے تحفظ کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کی بھی مانگ کی۔