میدانی علاقوں میں بارشیں، درجہ حرارت میں نمایاں کمی، تعلیمی ادارے بند رہے
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //محکمہ موسمیات کی پیشگی اطلاع کے عین مطابق پیر کو وادی چناب کے بالائی علاقوں میں موسم کی پہلی برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔اس دوران ضلع بھر میں سبھی تعلیمی ادارے بند رہے جبکہ رابطہ سڑکوں پر کچھ ایک مقامات پر پتھر گر آئے اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا۔اطلاعات کے مطابق پیر کی شب ڈوڈہ ،بھدرواہ ،عسر مرمت، ٹھاٹھری ،گندوہ بھلیسہ و بونجواہ کے پہاڑوں پر تازہ برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہا۔پہاڑوں پر تازہ برفباری و بارشوں کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور خطہ میں سردی کی شدت میں اچانک اضافہ ہوا ہے۔ اس دوران رابطہ سڑکیں زیر آب آئیں جبکہ کچھ ایک مقامات پر پتھر و پسیاں بھی گر آئیں تاہم ضلع کی سبھی اہم شاہراہوں پر ٹریفک نظام معمول کے مطابق بحال رہا۔اس دوران بجلی کے ترسیلی نظام میں بھی خرابی آئی جس کی وجہ سے دن بھر تحصیل چلی پنگل میں بجلی نظام ٹھپ رہا۔موسمی ایڈوائزری کے چلتے ضلع بھر کے سبھی تعلیمی ادارے بند رہے۔