اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے جنگلات آگ کی لپیٹ میں ہیں جس کے نتیجے میں بھاری پیمانے پر پیڑ پودوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ ہر طرف دھواں ہی دھواں دکھائی دے رہا ہے ۔اطلاعات کے مطابق طویل خشک سالی کے چلتے ندی نالے و متعدد آبی ذخائر سوکھ چکے ہیں اور اس دوران ڈوڈہ، بھدرواہ ،ٹھاٹھری و گندوہ بھلیسہ کے درجنوں مقامات پر جنگلات میں آگ پھیلی ہوئی ہے جس کے نتیجے میں بھاری پیمانے پر پیڑ پودوں و درختوں کو نقصان پہنچا ہے۔اس دوران کئی رہائشی علاقے بھی آگ کی لپیٹ میں آگئے تاہم مقامی لوگوں، پولیس و محکمہ کے ملازمین کی مدد سے ان بستیوں کو آگ سے بچایا گیااور ہر طرف دھند و دھواں پھیلا ہوا ہے جو کہ انسانی زندگی و ماحولیات کے لئے ایک بڑا خطرہ بن رہا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ جہاں جنگل مافیا محکمہ کے ساتھ مل اپنی چوریاں چھپانے کے لئے آگ لگاتے ہیں لیکن محکمہ اس کی تردید کر رہا ہے۔محکمہ کے ایک افسر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ طویل خشک سالی کے چلتے ایک چھوٹی سی چنگاری پورے علاقہ میں تباہی مچاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ شرپسند لوگ آگ لگانے کے ذمہ دار ہیں۔ادھر سیول سوسائٹی ،محکمہ جنگلات، مذہبی تنظیموں و انتظامیہ نے عام لوگوں سے جنگلات و آبادی کے نزدیک والے علاقوں میں آگ نہ لگانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ہی پورا خطہ طویل خشک سالی کا شکار ہوا ہے اور چھوٹی سی غلطی ایک بڑی تباہی مچا سکتی ہے۔