رابطہ سڑکیں خستہ حال، پانی و بجلی نظام متاثر، تعلیمی ادارے دوسرے روز بھی بند
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں منگل کو دوسرے روز بھی برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ دوپہر تک جاری رہا جس کے نتیجے میں معمولات زندگی متاثر ہوئی۔اس دوران ڈوڈہ بٹوت کشتواڑ قومی شاہراہ پر متعدد مقامات پر پسیاں گر آئیں تاہم کچھ دیر بعد ہی شاہراہ کو آمدورفت کے لئے بحال کیا گیا جبکہ ٹھاٹھری کلہوتران ،ڈوڈہ ٹھاٹھری و بھدرواہ ،عسر مرمت، چرالہ و بونجواہ میں بھی سڑکوں پر پسیاں و پتھر گر آئے اورپانی و بجلی نظام بھی متاثر ہوا۔اطلاعات کے مطابق منگل کو دوپہر تک بھدرواہ، ٹھاٹھری ،گندوہ بھلیسہ ،عسر مرمت، بونجواہ کے بالائی علاقوں میں برفباری و میدانی علاقوں میں بارشیں جاری رہیں جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔اس دوران بجلی کے ترسیلی نظام میں بھی خرابی آئی جس کی وجہ سے چلی پنگل، کاہرہ ،ٹھاٹھری ،بھلیسہ و مرمت کے مضافات میں بجلی بند رہی جبکہ ندی نالوں میں طغیانی آگئی جس کے نتیجے میں پانی کی سکیموں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ ڈوڈہ بٹوت کشتواڑ قومی شاہراہ ریگی نالہ و شبنوت پل پریم نگر کے نزدیک پسیاں گر آئیں جنہیں کچھ دیر بعد ٹریفک کے لیے بحال کیا گیا۔تازہ برفباری و بارشوں سے کئی رہائشی و غیر رہائشی ڈھانچوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔بعد دوپہر موسم میں بہتری آئی جس کے بعد پانی و بجلی کی بحالی کا کام شروع کیا گیا۔اس دوران ضلع میں دوسرے روز بھی تمام تعلیمی ادارے بند رہے۔ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ ہرویندر سنگھ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تمام محکموں و مشینری کو متحرک رکھا گیا ہے اور عوامی مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کیا جائے گا۔