اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں ہفتہ کے روز بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں عوامی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ اس دوران انتظامیہ نے بچوں و اساتذہ کی سلامتی کو یقینی بنانے کے سلسلے میں تعلیمی زون بھلیسہ و بھٹیاس میں تیسرے روز بھی سبھی تعلیمی ادارے بند رکھے۔اطلاعات کے مطابق ہفتہ کو مسلسل تیسرے روز ڈوڈہ ضلع کی سب ڈویژن گندوہ بھلیسہ و بھدرواہ ،ٹھاٹھری کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے رابطہ سڑکیں و گلی کوچے زیر آب آ گئے اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا۔اس دوران ٹریفک نظام معمول کے مطابق بحال رہا تاہم اندرونی دیہات کی رابطہ سڑکوں پر بھاری پھسلن و دلدل پیدا ہوا جبکہ نکاسی نظام غیر فعال ہونے و حفاظتی دیواریں خستہ حال ہونے کے نتیجے میں متعدد علاقوں میں بارش کا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوا اور کئی دیہات میںزرعی شعبوں و فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ادھر سب ڈویژنل مجسٹریٹ گندوہ ارون کمار بڈیال نے خراب موسم کے چلتے سب ڈویژن گندوہ میں سبھی تعلیمی ادارے بند رکھنے کے احکامات جاری کئے۔ادھر مقامی لوگوں نے حکام سے بارشوں سے ہوئے نقصانات کا جائزہ لے کر متاثرین کی مدد کرنے و ہنگامی بنیادوں پر پانی، بجلی و سڑک نظام کو بحال کرنے کی مانگ کی ہے۔