اشتیاق ملک
ڈوڈہ //پیر کے روز موسم صاف رہا تاہم ضلع کی بیشتر رابطہ سڑکیں بھاری پھسلن و کورا لگنے کے وجہ سے ٹریفک کی آمدورفت کے لئے معطل رہیں اور متعدد دیہات میں پانی و بجلی نظام متاثر ہوا ہے اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق پچھلے چار روز سے وقفے وقفے سے ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری ،گندوہ و عسر ،بونجواہ ،کاہرہ و دیگر مضافات میں برفباری و بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں بٹوت کشتواڑ ڈوڈہ قومی شاہراہ سمیت ضلع کی سبھی رابطہ سڑکوں پر بھاری پھسلن پیدا ہوئی لیکن ضلع کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک نظام کو بحال کیا گیا اور اندرونی دیہات کی سڑکوں پر ٹریفک معطل رہا۔ اس دوران پانی و بجلی کی ترسیلی لائنوں کو بھی نقصان پہنچا اور متعدد سڑکوں پر پتھر و پسیاں گرنے کا عمل بھی شروع ہوا۔ ادھر سیول سوسائٹی نے تعمیراتی ایجنسیوں و ٹھیکیداروں پر غیر معیاری کام کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی ملی بھگت سے سڑکوں سے برف ہٹانے میں کوتاہی سے کام کیا ہے۔ سابق سرپنچ کالیا چاڑ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بلاک چلی کے منو، کوٹہ، یڈل، بھٹولی میں بھاری برفباری سے عوامی مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا سڑکوں پر بھاری برف جمع ہوئی ہے بجلی و پانی کی اسکیموں کو بھی نقصان پہنچا ہے جبکہ پکڈنڈی راستے تباہ ہوئے ہیں۔ انہوں انتظامیہ سے سڑکوں کو آمدورفت کے قابل بنانے و دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کی مانگ کی ہے۔ ضلع و مقامی انتظامیہ کے مطابق تمام مشینری و ایجنسیوں کو متحرک کیا ہے اور عوامی مسائل کے حل کیلئے چوبیس گھنٹوں کیلئے کنٹرول روم قائم کیا ہے۔